پرائس کنٹرول کمیٹی ضلع میں تمام صارفین کے لئے اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنائے،ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

بدھ 8 مئی 2024 16:57

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹی ضلع میں تمام صارفین کے لئے اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے کاوشیں کرنے کے ساتھ ساتھ تاجروں کے جائز مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے لوگوں کی سہولت اور آسانی سب سے مقدم ہے موجودہ حالات کے تناظر میں تاجر اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں جائز منافع تاجروں کا حق لیکن تاجر حضرات ذخیرہ اندوزوں ،ملاوٹ کرنے والوں اور گرانفروشوں کو اپنی صفوں سے الگ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران بشیر ڈوگر،اسسٹنٹ کمشنر چوہدری غلام مصطفی جٹ، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈ سٹریز خالد جاوید بھٹی ،صدر انجمن تاجران شیخ ریاض انور ،جنرل سیکریٹری عبد الوحید بھلر،صدر سبزی منڈی چوہدری محمد اشرف،صدر غلہ منڈی چوہدری حبیب الحق، صدر انجمن قصاباں سرفراز گوگا،ممبر کنزیومر کمیٹی صائمہ رشید،کریانہ ایسوسی کے نمائندوں ،نانبائی ایسوسی ایشن کے نمائندوں ،تاجرتنظیموں کے نمائندوں اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے ضلع میں اشیائے خورونوش کے نرخوں اور ڈیمانڈ اینڈ سپلائی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کے ضلع اوکاڑہ کے لئے نرخوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے کہا کہ متعلقہ افسران ضلع اوکاڑہ میں دیگر شہروں سے سپلائی کی جانے والی اشیائے ضروریہ کے میکانزم پر نظر رکھیں ضلع میں دالوں ،گھی ،چینی اورچاول کے سٹاک، روزانہ کی ضرورت اور دیگر اضلاع سے قیمتوں میں اتارچڑھاوَ کے معاملات کو روزانہ کی بنیاد پر جانچا جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔ \378

متعلقہ عنوان :

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں