وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ زراعت کا اجلاس

اتوار 7 اپریل 2024 16:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2024ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ زراعت کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے وزیراعلی نے اہم پالیسی فیصلے اور احکامات جاری کئے۔وزیراعلی خیبر پختونخوا نے اس موقع پر کہا کہ کم سے کم پیداواری لاگت میں زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، اس مقصد کے لئے جدید فارمنگ ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے، زراعت میں تحقیق کے شعبے کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں زرعی زمینوں سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار اکھٹے کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اگلے سیزن محکمہ زراعت کی تمام موزوں سرکاری زمینوں پر زعفران کاشت کی جائے، زعفران کی بہتر پیداوار کے لئے پڑوسی ممالک میں کاشت کی جانے والی زعفران کی فصلوں کا جائزہ لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آمدن میں اضافے کے لئے محکمہ زراعت کی زمینوں کا بہتر استعمال یقینی بنایا جائے، ان زرعی زمینوں کو ٹھیکوں پر دینے کی بجائے محکمہ خود کاشت کرے، موزوں علاقوں میں کسانوں کو زعفران کاشت کرنے کی طرف راغب کیا جائے، ضم اضلاع میں جنگلی زیتون کی گرافٹنگ کا پروگرام شروع کیا جائے، جن اضلاع میں پانی کی قلت ہے وہاں پر سبزیاں کاشت کرنے کے لئے چھوٹے مصنوعی ڈیمز تعمیر کئے جائیں، ایسے علاقوں میں ڈرپ ایریگیشن سسٹم متعارف کیا جائے، صوبے کے مختلف ریجنز کے مخصوص موسمی حالات اور استعداد کے مطابق زرعی پیداوار کی کاشت کے لئے الگ الگ پلانز ترتیب دئیے جائیں۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ صوبے میں زرعی اراضی میں اضافے کے لئے قابل عمل منصوبے تیار کئے جائیں، مہنگائی پر قابو پانے کےلئے زرعی اجناس میں خود کفالت ناگزیر ہے، اس مقصد کےلئے قلیل المدتی اور طویل المدتی پلانز ترتیب دے کر ان پر عملدرآمد کیا جائے، صوبے میں باغبانی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے، ہر ضلع میں موزوں پھل دار درخت اگانے کے لئے سروے کئے جائیں، محکمہ زراعت میں ڈونرز کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان کوآرڈینیشن کا ایک موثر نظام وضع کیا جائے، محکمہ زراعت کے تحت مختلف ونگز قائم کرکے ان کی ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا جائے۔

زرعی پیداوار اور آمدن میں اضافے کے لئے منصوبے تیار کئے جائیں، حکومت درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ وزیراعلی نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی موجودہ صوبائی حکومت کا ترجیحی شعبہ ہے اس کے لئے سی آر بی سی سمیت دیگر بڑے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں