سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور رزق ٹرسٹ کے مابین باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جمعرات 7 مارچ 2024 23:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2024ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور رزق ٹرسٹ کے مابین باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کا مقصد خیبر پختونخوا میں بھوک و افلاس اور غربت جیسے سنجیدہ مسائل سے مشترکہ طور پر نمٹنے سمیت رمضان کے مقدس مہینے میں دسترخوان کا اہتمام کرنا ہے ۔ باہمی مفاہمت کی یادداشت پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر شیر باز بلور اور رزق ٹرسٹ کے شریک بانی اور نائب صدر حذیفہ احمد نے رزق ہیڈ آفس لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔

معاہدہ کے دستخط کی تقریب کے دوران اہم اعلیٰ حکام ،ْ معزز بزنس کمیونٹی کے ممبران اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ معاہدہ کی تقریب کے دوران دونوں ادارے خیبر پختونخوا میںبھوک و افلاس اور غربت کے مسائل سے مشترکہ طور پر نمٹنے پر اتفاق کیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سرحد چیمبر کے سابق صدر شیر باز بلور نے باہمی مفاہمت کی یادداشت کو بھوک و افلاس کے مسائل کو حل کرانے کے لئے اہم اور بڑا اقدام قرار دیا اور اس بات پر زور دیا ہے کہ باہمی اشتراک و تعاون کی اشد ضرورت ہے تاکہ ضرور مند لوگوں کی امداد و مدد کی جاسکے بالخصوص رمضان کے مقدس مہینے میں غریب و مستحق لوگوں کے لئے خوراک وکھانے کا خصوصی اہتمام ہو۔

سرحد چیمبر کے سابق صدر شیر باز بلور نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی ہے کہ معاہدہ کے تحت سرحد چیمبر ہر قسم مالی اور دیگر وسائل کوبروئے کر لائے گا تاکہ رمضان میں غریب لوگوں کے لئے خصوصی دسترخوان کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی مفاہمت کی یادداشت کے مطابق دونوں ادارے مل کر ایک جامعہ ایکشن پلان مرتب کریں گے جس میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز کو شامل کیا جائے گا۔

قبل ازیں رزق ٹرسٹ کے شریک بانی اوروائس پریذیڈنٹ حذیفہ احمد نے اس موقع پر اپنے ادارے کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی طور پر شرکاء کوآگاہ کیا اورکہا کہ اس MOU کے تحت بھوک ،ْ افلاس ارو غربت کے اہم مسائل کے حل کیلئے مشترکہ طور پر اقدامات کئے جائیں گے۔ رزق ٹرسٹ کے حذیفہ احمد نے حکومتی متعلقہ اداروں ،ْ بزنس کمیونٹی اور خیراتی اداروں اور مخیر حضرات کے تعاون کے ذریعے غربت و افلاس سے مسائل کو حل کرنے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر سرحد چیمبر کے سابق صدر شیر باز بلور کو یقین دلایا کہ ان کا ادارہ سرحد چیمبر کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور مشترکہ لائحہ عمل اور پلان تشکیل دے کر مشترکہ طور پر بھوک و افلاس اور غربت سے جڑے ہوئے مسائل کو حل کرنے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں