آن لائن ٹیکسی سروس کمپنی” اوبر“ کی پاکستان میں اپنے آپریشن بند کرنے کی تصدیق

دوسال سے مسلسل خسارے کی وجہ سے کمپنی کو اپنے آپریشن بند کرنا پڑے‘بدترین مہنگائی کی وجہ سے شہریوں نے آن لائن ٹیکسی کا استعمال بندکردیا ہے.کمپنی ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 1 مئی 2024 14:01

آن لائن ٹیکسی سروس کمپنی” اوبر“ کی پاکستان میں اپنے آپریشن بند کرنے کی تصدیق
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم مئی۔2024 ) آن لائن ٹیکسی سروس کمپنی” اوبر“ نے پاکستان میں اپنے آپریشن بند کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی ذیلی سروس” کریم“ آن لائن ٹیکسی ایپ کام کرتی رہے گی” اوبر“ کے ترجمان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ہم نے پاکستان میں اوبر ایپ کو بند کرنے کا فیصلہ ”انتظامی وجوہات“ کی بنیاد پر کیا ہے.

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ ہماری ذیلی سروس ”کریم“ آن لائن ٹیکسی ایپ پاکستان بھر میں کام کرتی رہے گی جو پاکستان میں ہزاروں ڈرائیوروں کے لیے کمائی کا ذریعہ ہے واضح رہے کہ سال2019 میں اوبر نے کریم کو 3 ارب 10 کروڑ ڈالرز میں خریدا تھا اس وقت بتایا گیا تھا کہ کریم اور اوبر خطوں میں کام خودمختار برانڈز کے طور پر کام کریں گے. اوبر نے 2022 میں کراچی، ملتان، فیصل آباد، پشاور اور اسلام آباد میں اپنے آپریشنز بند کرنے اور اسے لاہور تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا تھاگزشتہ روز لاہور میں صارفین کو بھیجی گئی ایک ای میل میں اوبر نے اعلان کیا کہ 30 اپریل سے لاہور میں اوبر ایپ بند کرنے کا اعلان کرتے ہیں یہ فیصلہ کمپنی کے لیے بھی مشکل تھا.

ای میل میں کہا گیاتھا کہ اگر آپ کے اوبر والیٹ میں اوبر کیش بیلنس ہے تو اس مسئلے کے حل کے لیے وہ جلد ہی تفصیلات جاری کریں گے جبکہ کریم ایپ پر صارفین کے لیے 50 فیصد رعایت کی آفر دی گئی ہے. کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسال سے مسلسل خسارے کی وجہ سے کمپنی کو اپنے آپریشن بند کرنا پڑے کیونکہ بدترین مہنگائی کی وجہ سے شہریوں نے آن لائن ٹیکسی کا استعمال بندکردیا تھا جبکہ موٹرسائیکل اور رکشہ کی ڈیمانڈمیں اضافہ ہوا تھا تاہم کمپنی کے لیے ان دونوں ذرائع سے آپریشنل اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہورہا تھا‘ذرائع کا کہنا ہے کہ ”کریم“ بھی خسارے میں چل رہی ہے اگر یہی حالات رہے تو اگلے مرحلے میں کمپنی ”کریم“کے آپریشن بند کرنے پر بھی مجبور ہوجائے گی.

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں