صوبے کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے نتیجہ خیز کوششوں کی ضرورت ہے،عبدالکریم خان

پیر 11 مارچ 2024 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبد الکریم تورڈھیر نے کہا ہے کہ صوبے کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے نتیجہ خیز کوششوں کی ضرورت ہے جس کیلئے وہ ہر ممکن قدم اٹھائیں گے،نظام کی شفافیت ترجیحات کا واضح اور اولین ایجنڈا ہے ، اس حوالے سے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے محکمہ صنعت کے تمام ذیلی شعبوں کو اپنے ذرائع آمدن بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے اور صوبے کے فنی شعبہ میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے نت نئے درکار ٹریڈز کو متعارف کرانے کی ہدایت کی۔اس حوالے سے پیر کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں پہلا تعارفی اجلاس معاون خصوصی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں انہیں محکمہ کے تمام ذیلی اداروں اور شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ان شعبہ جات کی محکمانہ ذمہ داریوں،سرگرمیوں،اہداف اور کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکریٹری صنعت وحرفت سید ذوالفقار علی شاہ،سپیشل سیکریٹری محمد انور خان،چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی جاوید اقبال خٹک،منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی عامر افاق،ایم ڈی ایس آئی ڈی بی غضنفر علی،منیجر بزنس فیسلٹیشن خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اقبال سرور سمیت ڈی جی صنعت،چیئر مین بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن،ٹریڈ ٹسٹنگ بورڈ حکام اور دیگرع متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں معاون خصوصی کو صوبے میں صنعت کاری کے فروغ کیلئے متعلقہ اداروں کی کوششوں اور صوبے میں سکلڈ فورس کی تیاری کیلئے شعبہ فنی تعلیم کی سرگرمیوں کا عمیق جائزہ پیش کیا گیا۔اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنانے کیلئے ہمیں مفید سوچ کے تحت آگے جانا ہوگا اور صنعتکاری کو حقیقی معنوں میں معاشی ترقی کا زینہ اور آئنہ دار شعبہ بنانے کیلئے نتیجہ خیز کوششیں کرنی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کو اللہ نے منفرد خصوصیات عطا کی ہیں جن کی بنا پر اپنے وسائل کو بروئے کار لانے کے ذریعے ہم اس صوبے کو بہت آگے لے کر جاسکتے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ محکمہ صنعت کے تمام شعبوں کا آپس میں ایک مربوط نظام اپنایا جائے تاکہ تمام ونگز ایک دوسرے کے ساتھ خدمات کی بہتر انداز میں فراہمی کیلئے زیادہ فعال ثابت ہوں۔انہوں نے محکمے کے شعبوں کا سارا نظام ڈیجیٹائز کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں انہیں بھی ایک ڈیش بورڈ کے ذریعے لنک کیا جائے۔

انہوں نے شعبہ صنعت کے خدمات اور رجسٹریشن کے طریقہ کار کو بھی جلد از جلد ان لائن نظام پر ڈالنے کی ہدایت کی جبکہ سمال انڈسٹریز بورڈ کو اپنے آمدنی ذرائع بڑھانے اور اخراجات کو کم کرنے پر زور دیا اور مختلف صنعتی بستیوں کے قیام اور ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبے میں تمام یونیورسٹیوں کے ریسرچ اور کمرشلائز دفاتر (او آر آئی سی) کو محکمہ صنعت کے متعلقہ شعبوں سے لنک کرنے کیلئے بھی ہدایات جاری کیں تاکہ ان کی تحقیقی کوششوں کو انڈسٹری میں بروئے کار لانے میں مدد ملے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پڑھائے جانے والے فنی تعلیم کے کورسز اور نئے رجحانات اور ضروریات کے مطابق جدید ٹیکنالوجیز کو متعارف کرانے کیلئے ضرورت کی تجدیدکرائی جائے۔معاون خصوصی نے شعبہ صنعت کو کمرشل ڈسپیوٹس ریزولوشن کے حوالے سے ماہانہ کارکردگی رپورٹ انہیں ارسال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نظامت صنعت کے آئی ایم ایس پورٹل کے تحت تمام معلومات تک رسائی کیلئے ان کے دفتر کو بھی اس نظام سے لنک کیا جائے تاکہ وہ محکمہ کی کارکردگی سے ہمہ وقت باخبر ہوں۔

معاون خصوصی نے گورنمنٹ پرنٹنگ پریس کی ماڈرنائزیشن کیلئے بھی معقول اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کئے اور بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے نظام میں شفافیت لانے کی ہدایت کرتے ہوئے اس سلسلے میں دئے گئے اہداف پر عملدرآمد سے متعلق 15 یوم کے بعد انھیں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اس موقع پر بورڈ حکام کو کئی شعبوں میں نت نئے کورسز ڈیزائن کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صنعتکاری کیلئے صوبے کے وسائل کو صوبے ہی کیلئے استعمال میں لایا جائے گا اور اس ضمن میں سارا عمل قانون کے مطابق ہی اپنایا جائے گا۔معاون خصوصی نے صنعتی زونز میں توانائی ضروریات کے پیش نظر سولرائزیشن پر توجہ دینے کی بھی ہدایت کی جبکہ اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں صنعتی ترقی کیلئے بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے مختلف پہلوؤں سے کوششیں کی جائیں گی تاکہ یہاں پر سرمایہ آئے اور صنعتی فروغ کے ذریعے معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں