جمرود، دہشت گردی سے متاثرہ سرکاری سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر

ہفتہ 25 جنوری 2020 15:59

جمرود (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر محمد شوکت نے کہا ہے کہ کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی و خوشحالی کے منازل طے نہیں کرسکتی ، ضلع خیبر میں دہشت گردی سے متاثرہ سرکاری سکولوں میںبنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے طویل و قلیل مدتی منصوبوں پر عمل شروع کردیاہے جس کے تحت سکولوں کی فیبریکیشن کے ساتھ ساتھ ان میں بیت الخلاء کی تعمیر ،خیمے ،سٹیشنری اورفرنیچر کی فراہمی شامل ہیں،مقامی کمیونٹی کی مدد سے داخلے مہم کے دوران سکول سے باہرسو فیصد بچوںکی انرولمنٹ کیلئے مخلصانہ کوششیں کریں گے جس کے تحت آئندہ تعلمی سال سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے بچوں اور بچیوں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

انہوں نے یہ باتیںمیڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

محمد شوکت نے کہا کہ ضلع خیبر کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کیلئے آئندہ مختصر وقت میں سینکڑوں اساتذہ کو بھرتی کیا جارہا ہے جس سے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کا مسئلہ بڑی حد تک دور ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں نصاب کی کتب کی بر وقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں ماضی میں رونماء ہونے والے نقائص کو دور کیا جائے گا تاکہ بچوں کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں دہشت گردی سے تباہ شدہ پچاس سرکاری سکولوں کی تعمیر جلد شروع ہوجائے گی جس کا سلسلہ آخری سکول کی تعمیر تک جاری رہے گا۔ سکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کیلئے کئی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ وہ خود بھی وقتاً فوقتاً سکولوں کے دورے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچے ملک و قوم کامستقبل ہیں ان کو تعلیم کے زیور سے اراستہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،اس اہم شعبے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں