لله*قبائیلی اضلاع میں مزید 17 ہزار آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ ترجمان خیبر پختونخوا حکومت

اتوار 21 اپریل 2019 20:20

ؔ پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2019ء) خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان و مشیر وزیراعلی برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ جنوبی وزیرستان تاریخی دورہ ہوگا۔اور وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق قبائیلی اضلاع کیلئے مزید 17ہزار آسامیوں پر جلد بھرتی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی ترجمان نے ڈیرہ اسمعیل خان میں وزیر قبیلہ تحصیل شکئی کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قبائیلی اضلاع کے 18 سال سے لیکر 50 سال تک کے عمر کے ہر فرد کو بلا سود قرضہ دیا جائے گا۔ جبکہ اس سکیم سے 50 ہزار سے 10 لاکھ تک قرضہ دینے سے قبائیلی عوام اپنے حلال روزگار شروع کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ قبائیلی اضلاع میں انتظامی امور کے حوالے سے مشیر وزیر اعلی نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں ڈیوٹی نہ کرنے والے ملازمین کو پہلے وارننگ،پھر شوکاز نوٹس دیا جائے گا جبکہ آخری آپشن میں ملازم کو فارغ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صحت کے امور کے بارے انہوں نے اپنے گفتگو میں کہا کہ ہسپتالوں کو ضروری سامان اور دوائیوں کی فراہمی کیلئے کام جاری ہے۔ صوبے میں نئے بلدیاتی نظام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ نئے بلدیاتی سٹرکچر کو قبائیلی اضلاع تک توسیع دی جا رہی ہے۔ اور اسی طرح ہر سال خطیر فنڈز کی فراہمی سے قبائیلی اضلاع ترقی کے راہ پر گامزن ہو جائیں گے۔اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ممکنہ دورہ جنوبی وزیرستان کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں