موجودہ صورتحال میں ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبوں کے فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے،محمودخان

ہاؤسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں اور صارفین کے تمام حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے

بدھ 1 جولائی 2020 23:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے موجودہ صورتحال میں ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبوں کے فروغ کو موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ان شعبوںکو نجی سرمایہ کاری کے لئے پر کشش بنانے اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات اور سہولیات دینے کے لئے ایک قابل عمل اور جامع پلان تشکیل دیکراس پر عملدرآمد کے لئے حقیقت پسندانہ ٹائم لائنز مقر رکئے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی ہے کہ نجی شعبے میں ہاؤسنگ اسکیموں کے لئے زمین کی خریداری اور نقشوں کی منظوری سمیت تمام مراحل کو آسان سے آسان بنانے کے لئے متعلقہ رولزاور قواعد وضوابط میں ضروری ترامیم کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو صوبے کی طرف راغب کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

یہ ہدایات انہوں نے بدھ کے روز مذکورہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں ان شعبوں کو فوری طور پر ترقی دینے کے لئے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور مراعات کی فراہمی سے متعلق مختلف اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیرقانون سلطان محمد خان، وزیر ہاؤسنگ امجد علی خان اور معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں کورونا صورتحال کے پیش نظر حال ہی میں آرڈیننس اور ایگزیکٹیو آرڈر کے تحت تعمیرات اور ہاؤسنگ کے شعبوں کو صوبائی ٹیکسوں میں دی گئی چھوٹ کو باقاعدہ قانونی شکل دینے سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں اور صارفین کے تمام حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اس موقع پر ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبوںکو ہر ممکن سہولیات اور مراعات دینے پر اتفاق کیا گیا اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند لوگوں کو بینکوں کے توسط سے قرضوں کی فراہمی کے علاوہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نجی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے لئے تمام مراحل کو آسان بنانے کے لئے متعلقہ قوانین اور رولز میں ضروری ترامیم کے مسودے منظوری کے لئے کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہاؤسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیںاور صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ان مواقع کو استعمال میں لاکر صوبے میں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے اور لوگوں کے رہائشی مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ اگلے چند مہینوں کے اندر صوبے میں ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبوں میں بڑے بڑے منصوبوں پر ٹھوس اور عملی پیش رفت کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں