آٹھ ماہ قبل چوری ہونے والی لگژری گاڑی رکن اسمبلی کے گھر سے برآمد کر لی گئی

گاڑی کی گمشدگی کی رپورٹ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 ماہ قبل درج کروائی گئی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 ستمبر 2021 14:02

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2021ء) : آٹھ ماہ قبل چوری ہونے والی گاڑی رکن اسمبلی کے گھر سے برآمد کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ہری پور 8 ماہ قبل اسلام آباد سے چوری ہونے والی بلٹ پروف وی 8 گاڑی رکن صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا فیصل زمان کے گھر سے برآمد کرلی گئی ہے۔ خیبر پختونخواہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ چوری شدہ بلٹ پروف گاڑی خیبر پختونخوا کے رکن اسمبلی فیصل زمان کے گھر سے برآمد کرلی۔

گاڑی نمبر سی ایچ 062 وی ایٹ کی گمشدگی کی ایف آئی آر تھانہ کراچی کمپنی اسلام آباد میں 8 ماہ قبل درج کروائی گئی تھی۔ جوڈیشنل مجسٹریٹ کے حکم پر ڈی ایس پی غازی کی سربراہی میں اسلام آباد پولیس اور تھانہ غازی پولیس نے رکن صوبائی اسمبلی کے گھر پر چھاپہ مار کر گمشدہ وی ایٹ گاڑی برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق کروڑوں روپے مالیت کی بلٹ پروف وی ایٹ گاڑی تھانہ غازی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی۔

واضح رہے کہ رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان پر سابق وزیر اعلی پرویز خٹک کے دور میں سینٹ انتخابات میں سینیٹ کا ووٹ بیچنے کا بھی الزام ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس قومی احتساب بیورو (نیب) نے رکن خیبر پختون خوا اسمبلی فیصل زمان کے اثاثوں کی چھان بین کا بھی آغاز کیا تھا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختون خوا نے فیصل زمان اور ان کے خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات ڈپٹی کمشنر ہری پور سے طلب کیں۔

نیب خیبر پختون خوا کی جانب سے جنوری 2021ء میں بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ فیصل زمان کے اثاثوں کی تفصیلات 19 جنوری تک فراہم کی جائیں۔ نیب کے مراسلے میں مزید کہا گیا کہ فیصل زمان کے والد، والدہ، بیوی، بیٹے اور 3 بیٹیوں کے اثاثوں کی تفصیلات دی جائیں۔ فیصل زمان پی کے 42 ہری پور تھری سے بحیثیت آزاد رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں