بلدیاتی انتخابات، عوامی نیشنل پارٹی نے پشاور کیلئے اپنا منشور جاری کردیا

اتوار 5 دسمبر 2021 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پشاور کیلئے اپنا منشور عوام کو پیش کردیا جس کے مطابق ''خپل پیخور گل پیخور'' کے نام سے شہر کے 30 فیصد حصے پر شجرکاری اور قدرتی بیوٹیفیکیشن کی جائیگی۔''خپل پیخور محفوظ پیخور'' کے نام سے شہر کو پاکستان کا محفوظ ترین شہر بنایا جائیگا۔

ٹریفک مسائل کے حل کیلئے جامع پلان، صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کے مسئلے کا مستقل حل شامل ہیں۔شہر میں جنازگاہوں کو واگزار کرانا اور شہریوں کیلئے محفوظ قبرستان کی فراہمی بھی منشور کا حصہ ہے۔نئے عوامی پارکس کا قیام اور موجودہ پارکس کی تزئین و آرائش کی جائیگی۔شہر بھر کے سکولز، کالجز، ہیلتھ کیئر سنٹرز، ڈسپنسریوں، ہسپتالوں اور مساجد کی مکمل سولرائزیشن کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اسی طرح منشور کے مطابق سکولز میں عوامی خواہشات کے مطابق کمیوں کو پورا کیا جائیگا، جدید لیب، مکمل فرنیچر کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائیگی۔مختلف تحصیلوں کی ہزاروں ایکڑ بارانی زمینوں کو قابل کاشت بنانے کیلئے سولرائزیشن کی جائیگی۔ٹائون پلاننگ کے ذریعے تجارتی مراکز اور مارکیٹوں میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا بھی شامل ہیں۔

کاٹیج انڈسٹری، دستکاری مراکز اور ووکیشنل سنٹرز کے ذریعے نچلی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔فارم سے مارکیٹ تک سڑکوں کا جال بچھانا، بجلی، گیس کی مکمل فراہمی کیلئے مذاکراتی عمل جاری رکھا جائیگا۔بنیادی صحت کے مراکز فعال بنانا اور نئے مراکز بنانا، ویلج کونسلز میں ہر محلے کی سطح پر ہینڈ پمپ کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔

سرکاری سکولوں میں والدین اور اساتذہ کی کمیٹیوں کی فعالیت، تعمیرات کے ذریعے داخلوں کیلئے مزید امکان پیدا کیا جائیگا۔ منشور میں منافع بخش فصلوں کے تخم اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانا، تحصیل سطح پر کھیلوں کیلئے سپورٹس کمپلیکس کو ممکن بنانا بھی شامل ہیں۔تحصیل سطح پر فنکاروں، ادیبوں اور شعراء کی سہولت کیلئے آرٹس کونسل کے قیام کی کوشش، تاریخی آثار کو محفوظ بنانے کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائیگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں