وفاقی حکومت کے مطابق معاشی اشاریے بہتر ہوگئے ہیں تو کیا آئی ایم ایف جھوٹ بول رہا ہے، مشیر خزانہ خیبرپختونخوا

اتوار 12 مئی 2024 20:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی مشکل ترین عمل ہے اور یہاں کی سیاسی سماجی غیر یقینی صورتحال حکومتی پالیسیوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے جبکہ وفاقی حکومت کے مطابق معاشی اشاریے بہتر ہوگئے ہیں تو کیا آئی ایم ایف جھوٹ بول رہا ہے۔

یہ باتیں انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہیں۔ مزمل اسلم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے معاشی رسک میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اگر ایسا ہے تو حکومت غیر یقینی سیاسی صورتحال کم کرنے میں دلچسپی کیوں نہیں لے رہی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطابق بجلی کی قیمتیں لاگت کے حساب سے بڑھائی جا رہی ہیں اور اب کہا جا رہا ہے کہ مسئلہ لاگت کم کرنا اور بوسیدہ بجلی انفراسٹرکچر کا خاتمہ ہے۔

(جاری ہے)

مزمل اسلم نے کہا کہ میرا سوال یہ ہے کہ آئی ایم ایف کن مہنگے بجلی منصوبوں کی طرف اشارہ کر رہا ہے آخر مہنگے بجلی گھر تو نواز شریف حکومت نے لگائے تھے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کے پہاڑ کو حقیقی شکل پی ڈی ایم حکومت نے دی ہے،پی ڈی ایم نے عوام پر 76 سالہ تاریخی مہنگائی کا عذاب مسلط کیا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مالیاتی سال 2022 میں سہہ ماہی جی ڈی پی 12 فیصد تک پہنچائی جبکہ اب پی ڈی ایم ٹو کی حکومت میں جی ڈی پی کی بدترین صورتحال ہے، عوام یہ جاننا چاہتی ہے کہ اس کا ذمہ دار کون ہے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں