ٖملاکنڈ ، 5 اگست کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال کے طور منایا گیا

جمعہ 5 اگست 2022 22:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2022ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع ملاکنڈ میں بھی 5 اگست کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال کے طور منایا گیا ۔اس ضمن میں ضلعی صدر مقام بٹ خیلہ اور دیگر تحصیلوں میں احتجاجی واکس کا اہتمام کیا گیا جن میں شرکاء نے ہندوستانی ناجائز قبضے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کشمیر ی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔

ضلع میں سرکاری سطح پر بٹ خیلہ ڈسٹرکٹ سکرٹریٹ سے ایک واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل زمین خان نے کی ۔اس موقع پر ایڈ یشنل اسسٹنٹ کمشنر نور نواز،دیگر سرکاری محکمہ جات کے افسران واہلکاروں ،سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام نے واک میں حصہ لیا ۔واک کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور ہندوستانی حکومت کے ظلم و بربریت کے خلاف نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زمین کا کہناتھا کہ حق خودارادیت کشمیری مسلمانوں کا بنیادی حق ہے اور ہندوستانی حکومت نے کشمیر پرناجائز قبضہ کرکے وہاں کے مسلمانوں کے بنیاد ی حقوق کو پامال کیا ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان نے 5 اگست 2019 کو کشمیریوں کی مرضی و منشا کے خلاف زبردستی کشمیر کی آزاد حیثیت تبدیل کرکے ایک گھناونا کھیل کھیلا ہے جوخطے میں ہندوستان کی امن کی خرابی کیلئے ناپاک عزائم کا ثبوت ہے ۔

انھوں نے کہاکہ ہندوستان کبھی بھی کشمیری مسلمانوں کی آواز دبانہیں سکے گا اور بہت جلد کشمیر ہندوستان کے قبضے سے آزاد ہوگا دریں اثناء تحصیل درگئی ملاکنڈ میں بھی یوم استحصال کشمیر کادن منایا گیا۔ اس سلسلے میں ٹی ایم اے درگئی اور تحصیل درگئی انتظامیہ کا ایک مشترکہ احتجاجی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر/سب ڈویثرنل مجسٹریٹ تحصیل درگئی محب اللہ خان یوسفزئی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی زید صافی، ڈسٹرکٹ فنانس آفیسر ملاکنڈ محمد ابراہیم خان، ڈسٹرکٹ فوڈ آفیسر ملاکنڈ نور حیات خان سمیت صحافیوں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے ۔واک اسسٹنٹ کمشنر درگئی کے دفتر سے روانہ ہو کر ٹی ایم اے آفس درگئی کے سامنے ایک جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر محب اللہ خان یوسفزئی نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کی پامالی درحقیقت عالمی اور اقوام متحدہ قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے جس کو کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا۔ اس موقع پر بھارتی جارحیت کے خلاف نعرہ بازی بھی کی گئی آخر میں شرکاء نے پاکستان کے سا لمیت اور کشمیر کے آزادی کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کی اور پرامن طریقے سے واک ختم کر دیا۔اسی طرح لوئر چترال میں بھی 5 اگست یوم استحصال کے طور پر منایا گیا اس سلسلے میں واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں ہندوستان کی بربریت کے خلاف نعرے لگائے گئے اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیاگیا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں