ضلعی انتظامیہ پشاورنے یوم جشن آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا

منگل 14 اگست 2018 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) پشاور میں 71 واں یوم جشن آزادی بھرپورجوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس حوالے سے پشاور میںجشن آزادی کے روز مرکزی تقریب پرچم کشائی سول سیکریٹریٹ میں منعقد کی گئی جس میں وزیرآعلیٰ خیبر پختونخواہ عزت ماآب جناب دوست محمد خان مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پشاور کے تمام سول اور پولیس افسران نے کثیرتعداد میں شرکت کی ۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور طلباء و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے۔ اس سے پہلے 13 اور14 اگست کی در میانی شب کو ڈپٹی کمشنر کیمپ آفس میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر پشاورڈاکٹر عمران حامد شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی، اسسٹنٹ کمشنر محمد مغیث ثناء اللہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اصلاح الدین سمیت ضلعی افسران اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی اور ملی نغمے گائے گئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی تنظیم تاجر انصاف نے پشاور میں ایک شایان شان ریلی منعقد کی جس میںسینکڑوں گاڑیاں اور موٹر سائیکل سواروں نے شرکت کی۔ ریلی گھنٹہ گھر سے شروع ہو کر شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ہشتنگری چوک میں اختتام پزیر ہوئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور تاجر انصاف کے صدر شاہد خان کر رہے تھے۔

یوم آزادی کے سلسلے میںشہر کے مختلف حصوں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھاجس میں پشاور میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اقلیتی برادری راجپوت ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کی اور کیک کاٹا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے بات کر تے ہوئے کہا کہ پشاور میں یوم جشن آزادی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے بھرپور انتظامات کیے جس میں عوام کو سیکیورٹی ، ٹریفک انتظامات سمیت صفائی کا عملہ بھی کام میں مصروف رہا۔

انھوں نے قوم کو 71 ویں یوم آزادی پاکستان مناتے ہوئے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پاکستان انتھک قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔اور اب ہمیں اپنی اس سرزمین پاک کی بقا اور ترقی کی خاطر ایمانداری اور محنت سے کام کر نا ہو گاکیوں کہ پاکستان سے ہم ہیں اور ہم سے پاکستان ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں