کھلی کچہری کے ہر فیصلے پرمن وعن عملدرآمد یقینی بنا ئیںگے، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرکوہاٹ

جمعہ 22 مارچ 2019 23:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللهخان کی ہدایت پرایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر طاہر علی نے کوہاٹ کے نواحی علاقے مسلم آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں منتخب نمائندوں،سرکاری محکموں کے سربراہوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ویلج ناظم مسلم آباد،منتخب عوامی نمائندوں اور دیگر نے علاقے کے اجتماعی اور انفرادی مسائل کو اجاگرکیا۔

عوام کے زیادہ تر مسائل پینے کے پانی ،نکاسی آب ،اووربلنگ، لوڈ شیڈنگ ،آبپاشی ،تعلیم ،پولیس اور ریونیو سے متعلق تھے ۔علاقے کے عوام نے آئے روز روڈ حادثات سے بچنے کے لئے حکومت وقت سے انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے مقام پر بائی پاس بنانے کا پُر زور مطالبہ بھی کیا۔طاہر علی نے کھلی کچہری کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے سرکاری دفاتر کا رخ کرتے ہیں لیکن ان کھلی کچہریوںکا مقصد عوام کو دفاتر کے چکروں سے نجات دلاکر مسائل ان کی دہلیز پر حل کرناہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی کے برعکس یہاں پر کئے گئے ہر فیصلے کا نہ صرف باقاعدہ فالو اپ بلکہ ان پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جاتاہے۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے مسلم آباد بائی پاس بنانے کامطالبہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھانے کا یقین دلایا۔انہوں نے پیش کردہ تمام مسائل بھی متعلقہ فورم پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھلی کچہریوں میں فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرنے کا سوال ہی پید انہیں ہوتابلکہ حکم عدولی کی صورت میں ایکشن لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں