سٹی وال قیمتی آثاثہ ہے، سٹی وال کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، محمد عاصم خان

منگل 23 اپریل 2019 13:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان کومنگل کو اطلاع موصول ہوئی کہ کوہاٹی چوک کے قریب سٹی وال کے ایک حصے کو گراکر تہہ خانے کیلئے کھدائی کی جارہی ہے جس پر ضلع ناظم پشاور محمدعاصم خان نے سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے علی الصبح قائم مقام ڈپٹی کمشنر پشاور شاہد علی خان ، ٹی ایم او ٹائون ون سلیم خان ، ڈی ایس پی سبرب ، ایس ایچ او یکہ توت ،ایکسین ٹائون ون ، ٹی او آر ٹائون ون محمد رحمان خٹک ، محکمہ آرکیالوجی کے افسران ،علاقہ ڈسٹرکٹ ممبر تقدیر علی کو متعلقہ جگہ پر طلب کرتے ہوئے پہنچ گئے اس موقع پر ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خا ن کے احکامات پربی سی اے ٹائون ون نے ملبہ اور بھاری مشینری جس میں ایکسیویٹر بھی شامل ہیں کو قبضہ میں لیکر سٹی وال کے بیک سائیڈ پلاٹ کے مالک خاتون اور اسکے شوہر کے خلاف دھوکہ دہی ، حدسے تجاوز اور آرکیالوجی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے ،مقدمہ ضلعی حکومت کی مدعیت میں در ج کیا گیا ضلع ناظم نے متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر کو معطل کرنے اور ٹی ایم او ٹائون ون کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی جبکہ آئندہ کیلئے ایسے واقعات کی روک تھام اور تاریخی مقامات کی حفاظت کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ ایسی صورتحال رپورٹ ہونے کے فوراً بعد کارروائی کی جاسکے اور تاریخی مقامات کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے ، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے کہاکہ سٹی وال قیمتی آثاثہ ہے اور ضلعی حکومت نے حال ہی میں ایک کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے اس کی تزئین وآرائش و مرمت کی ہے سٹی وال کو نقصان پہنچنے پر انکو ذاتی طور پر بہت دکھ ہواہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو ہر گز معاف نہیں کیاجائیگا اورسٹی وال کو نقصان پہنچانے والے خواہ کتنے بھی بااثر کیوں نہ ہوںان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائیگی اورکوشش کی جائیگی کہ اس سلسلے میں ضلعی کونسل پشاور سے سخت قوانین پاس کئے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں