وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش سے سٹارٹ اپ پاکستان کی دو رکنی ٹیم کی ملاقات

بدھ 22 مئی 2019 17:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش سے بدھ کو پشاور میں وزیراعظم عمران خان کی آئی ٹی کے فروغ کیلئے شروع کردہ پروگرام سٹارٹ اپ پاکستان کی دو رکنی ٹیم نے ملاقات کی اور ان کے ساتھ مذکورہ ترقیاتی پروگرام کی صوبے تک وسعت دینے کیلئے متعدد امور پرتبادلہ خیال کیا۔

وفد کے شرکاء میں سٹارٹ اپ پاکستان کے پروگرام ایگزیکٹیو شہزاد گل اور سٹیرنگ کمیٹی کے ممبرحسن سید شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم ڈی آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہباز اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اسٹارٹ اپ پاکستان کی ٹیم نے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کو وزیراعظم پاکستان کے پروگرام کے بنیادی خدوخال، آئی ٹی شعبے کے فروغ اور خیبرپختونخوا میں اس کی شروعات کے بارے میں بتایا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت ملک میں ایک ملین طلبہ کو انٹر پرینیورشپ کی تربیت دی جائے گی جبکہ اس پروگرام کے ذریعے ملک میں تقریباً 200 یونیورسٹیوں اور300 ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں میں انکیوبیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے۔ ان کو بتایا گیاکہ اس پروگرام کے ذریعے ایک ایکو سسٹم کے تحت لوگ ایک ہی پلیٹ فارم کے نیچے آئیں گے جسکا مقصد نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور اس کے زمرے میں نئے رجحانات سے آراستہ کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ صوبے میں اس پروگرام کو شروع کرنے کیلئے باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔اس موقع پرمعاون خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سٹارٹ اپ پاکستان وزیراعظم پاکستان کا ملکی سطح پر آئی ٹی کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ایک سنہرا موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت ملک میں تقریبا 35 ملین ڈالرکی ڈائریکٹ انویسٹمنٹ آئے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس پروگرام کے ذریعے ایسے مواقع تلاش کیے جائیں جس کے تحت ہمارے صوبے کے آئی ٹی پروجیکٹس کی وفاقی حکومت تک پھیلا و ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو صوبے میں شروع کرنے کے سلسلے میں جہاں جہاں پر صوبے کے تعاون کی ضرورت پڑے گی وفاقی حکومت کو فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر محکمہ ہائے آئی ٹی، ہائر ایجوکیشن اور ٹیوٹا کے نمائندوں پر مشتمل ایک سٹیرنگ کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ بھی کیا گیا جس کا مقصد اس پروگرام کی صوبے میں جلد شروعات کے سلسلے میں تمام تر مراحل کو احسن طریقے سے طے کرنا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں