تھانہ پھندو پولیس نے تاج چوک میں دو فریقین کے مابین خونریز تصادم کو روک کر چار مسلح ملزمان کو گرفتار کر لیا

جمعہ 24 جنوری 2020 17:34

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) تھانہ پھندو پولیس نے تاج چوک میں دو فریقین کے مابین خونریز تصادم کو روک کر چار مسلح ملزمان کو گرفتار کر لیا، دونوں فریقین کے مابین کچھ عرصہ سے قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آ رہی ہے جس کے دوران ایک شخص جان محمدکو مستورات کے تنازعہ پر قتل کیا گیا تھا، دونوں فریقین کا عوامی مقام پر آمنا سامنا ہو کر تصادم کا خطرہ تھا جس کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر ناکام بنا دیا، کارروائی کے دوران دونوں فریقین سے چار مسلح ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ پھندو پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ فریق اول عارف اور فریق دوم عبدالخالق جن کے مابین کچھ عرصہ سے قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آ رہی ہے جس کے دوران ایک شخص جان محمد کو قتل جبکہ اس کے بیٹے کو شدید زخمی کیا گیا تھا، دونوں فریقین کا عوامی جگہ پر آمنا سامنا ہو کر تصادم کا خطرہ ہے ، اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ پھندو واجد شاہ نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ جان کی پرواہ کئے بغیر خونریز تصادم روکنے کے خاطر فوری کارروائی کرتے ہوئے فریق اول سے عارف ولد سید رحمان اور نثار محمد ولد فضل رحمان ساکنان بوستان آباد جبکہ فریق دوم سے عبدالخالق ولد عبدالباقی اور واجد گل ولد عبدالغنی کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضہ سے چار عدد پستول بھی برآمد کر لئے گئے ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں