کورونا وائرس کی دوسری لہر کے تدارک کیلئے اقدا مات اٹھائے جا رہے ہیں،عارف اللہ

منگل 24 نومبر 2020 23:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف الله نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے تدارک کیلئے اقدا مات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کورونا وائرس کے تدارک اور موجودہ صورتحال سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنو ر عالم محسود، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، پبلک ہیلتھ کوآرڈینیٹر، ٹیکنیکل سپورٹ آفیسر، ہسپتال ڈائریکٹر ڈی ایچ کیو (ایم ٹی آئی )، مفتی محمود میموریل ہسپتال، تحصیل میونسپل آفیسرز، محکمہ صحت ، لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے ٹیکنیکل سپورٹ آفیسر ڈاکٹر ماجد سلیم نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح7.54فیصد ہے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں یہ شرح1.92فیصد ہے۔

(جاری ہے)

ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 4مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح 15ستمبر سے اب تک 7ہزار238ٹیسٹ کیے گئے ۔ ایکٹیو مثبت کیسز کی تعداد 92ہے۔

حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے گومل میڈیکل کالج میں تعلیمی سرگرمیاں روکنے کے بعد اسے خالی کرا لیا گیا ہے جبکہ دیگر تعلیمی اداروں پر بتدریج اسی پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر جو کہ پہلے سے زیادہ تیزی سے اثر انداز ہو رہی ہے کے تدارک کیلئے بروقت تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوںنے ہدایت کی کہ وضع کردہ پالیسی کے تحت جن علاقوں میں کیسز کی تعداد زیادہ ہے اور کیسز بڑھ رہے ہیں ان علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون اور سمارٹ لاک ڈائون لاگو کیا جائے اور ان علاقوں میں آمد و رفت کو بھی محدود کرتے ہوئے ریپڈ رسپانس ٹیموں کی مدد سے سیمپلنگ اور کنٹکٹ ٹریسنگ کی جائے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کا حتی الوسع تدارک کیا جا سکے۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر بھی اتنی ہی خطرناک ہے جتنی کہ پہلی تھی جسطرح پہلی لہر کے دوران عوام اور دیگر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعاون کا مظاہرہ کیا اور احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے کورونا وائرس کے نقصانات کو کم سے کم سطح تک محدود رکھنے میں کامیاب ہو ئے اسی احتیاط اور تعاون کی اب بھی ضرورت ہے لہذا بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور اگر نکلتے ہیں تو احتیاطی تدابیر بالخصوص ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں اور ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھوئیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف انتظامیہ اور محکمہ صحت سمیت فرنٹ لائن ورکرز اپنے فرائض کی بجا آوری میں مصروف عمل ہیں وہیں لوگوں کو بھی ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہیے تاکہ ملکر کورونا وائرس کی اس دوسری لہر کو بھی شکست دینے میں کامیاب ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں