عوامی مسائل کافوری حل،،بٹ خیلہ کے مختلف علاقوں میں کھلی کچہری کاانعقاد

جمعرات 4 مارچ 2021 23:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویزسہیل خان کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمد نے جمعرات کے روز بٹ خیلہ اور اس کے ساتھ آس پاس کے دیہاتوں میں بسنے والے لوگوں کے مسائل اور مشکلات سے آگاہی حاصل کرنے اور موقع پراس کو حل کرنے کے لیے لیویز تھانہ بٹ خیلہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاجس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ کے ایم ایس ڈاکٹر سعید الرحمان ،ایڈ یشنل اسسٹنٹ کمشنر معظم خان ،تمام ضلعی محکموں کے افسران کے علاوہ سابقہ صوبائی وزیر شاہ راز خان ،سیاسی و سماجی شخصیات ،مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور علاقے کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

اس موقع پر عمائدین علاقہ نے لوگوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے بارے میں اسسٹنٹ کمشنر کو تفصیل سے آگاہ کیا جن میں زیادہ تر مسائل آبپاشی و آبنوشی ،منشیات فروشی ،دارلامان و یتیم خانے کے قیام ،گونگے بہرے بچوں کی تعلیم کے لیے سرکاری سکول کے قیام ،خواجہ سرائوںکے مسائل اورعوام کی جانب سے ایف آئی آرز کے اندارج میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سے متعلق مسائل شامل تھے ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر سہیل احمد نے تمام پوسٹ کمانڈروں کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ وہ عوامی سائلین کی جانب سے ایف آئی آرز کا اندراج فوری طور پر کیا کریں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور انہیں مستقل بنیادوں پر حل کرنا ضلعی انتظامیہ اور سرکاری محکموں کے افسران کے فرائض میں شامل ہے اور یہی ان کی ترجیحات ہونی چاہیے ۔

انہوں نے تمام ضلعی محکموں کے افسران پر واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان رابطے مضبوط کرنا ہے کیونکہ اس کے ذریعے سے عوامی مسائل کے حل ہونے میں کافی مدد ملے گی ۔اس موقع پر لوگوں کی جانب سے بیان کیے گئے متعددمسائل کو اسسٹنٹ کمشنر نے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ بعض مسائل کو موقع پر حل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں