چہلم امام حسینؓ کے پر امن انعقاد کے حوالے سے خصوصی سکیورٹی پلان تیار

پیر 27 ستمبر 2021 20:03

پشاور۔27ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2021ء) :پشاور پولیس نے چہلم امام حسیؓن کے پر امن انعقاد کے حوالے سے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے جس کے مطابق چہلم کے دوران ساڑھے تین ہزار پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، اسی طرح جلوسوں کے راستوں کو چار مرتبہ بم ڈسپوزل یونٹ اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے سویپنگ کی جا رہی ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام راستوں، جلوسوں اور دیگر اہم و حساس مقامات کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مشتبہ افراد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی، تمام جلوسوں کو تھری لئیر سکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جلوسوں کی گزرگاہوں میں موجود تمام اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکاروں کے ساتھ ساتھ گن پوائینٹ اور پلگنگ پوائنٹس پر بھی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ،چہلم امام حسین کے دوران شہر کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے بکتر بند گاڑیاں بھی حساس مقامات پر موجود رہے گی جبکہ ایس سی یو، آر آر ایف، اے ٹی ایس، لیڈیز پولیس، بی ڈی یو، سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں کے ساتھ ساتھ ڈی ایس بی کے جوان بھی سکیورٹی کو موثر بنانے کے لئے اپنے فرائض سر انجام دیں گے، جبکہ جلوسوں کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر اضافی ٹریفک اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سی سی پی او کے دفتر سے جاری ہونے والے خصوصی سکیورٹی پلان کے تحت شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے جس کے دوران شہر میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی سختی سے چیکنگ شروع کر دی گئی ہے جبکہ شہر بھر کے سرائیوں، گیسٹ ہاوسز اور ہوٹلز میں رہائش پذیر افراد کا ڈیٹا بھی چیک کرنے کا عمل جاری ہے سی سی پی او عباس احسن نے سکیورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ چہلم امام حسین ؓ کے پر امن انعقاد کی خاطر خصوصی ہدایات بھی جاری کرتے ہوئے جلوس منتظمین کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں