صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کا گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاون،157گرفتار

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 19:52

پشاور۔16اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) :صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین دنوں کے دوران 157دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)خالد محمود کی ہدایت پرانتظامی افسران نے حیا ت آباد، یونیورسٹی روڈ، تہکال، رنگ روڈ، جی ٹی روڈ، دلہ زاک روڈ، فقیرآباد، چارسدہ روڈ, پشتخرہ روڈ اور اندرون شہر مختلف بازاروں کا معائنہ کیا۔

گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجود گی، کم وزن روٹی اور صفائی کی  ناقص صورتحال پر پشاور کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 157دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، دودھ فروش، جنرل سٹورمالکان، کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نانبائیوں سمیت دیگر دکاندار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر صبح صادق کے وقت سبزی و پھل منڈیوں میں بولی کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)خالد محمود نے انتظامی افسران کو بازاروں کا مسلسل دورہ کرنے اور گرانفروشوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں کوئی رعایت نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں