شانگلہ کوئلے کان کے مزدوروں کے ڈیتھ میرج گرانٹ اور دیگر سہولیات کی بلا تاخیر فراہمی یقینی بنائیں ،شوکت یوسفزئی

محکمہ کے اراضی پر قائم مختلف اضلاع میں غیر قانونی تجاوزات کو فور ی طور پرہٹایا جائے،وزیر محنت و ثقافت خیبر پختونخوا

بدھ 8 دسمبر 2021 23:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی کی زیر صدارت بدھ کے روز لیبر کالونیزسے متعلق انکے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔جس میں محکمہ ورکر ویلفیئر بورڈ کی کالونیز کی مجموعی صورتحال اور کارگردگی پر تفصیلی غور و خوص ہواور مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔ محکمے کے حکام نے اجلاس کے شرکاء کو لیبر کالونیز اور فلیٹس کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

سیکرٹری لیبر اکبر خان،سیکرٹری ورکر ویلفئیر بورڈ آئین خان، ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر بلال اور ڈایریکٹر فنانس ابرار شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تین زونز پر مشتمل صوبہ میں محکمہ لیبر اور ورکر ویلفیئر بورڈ کے پاس 34 لیبر کالونیز اور 2056فلیٹس موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو گدون انڈسٹریل زون اور نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کے ساتھ فلیٹس اور کالونیز پر اب تک کی ہونیوالی پیشرفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ضلع ہری پور میں 1400کوارٹرز ملازمین کیلئے موجود ہیں اور190 فلیٹس گدون امازئی میں ملازمین کو دئے گئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ ڈیتھ اور میرج گرانٹ کے نظام کو مزید فعال کیا جائے تاکہ ملازمین کو بروقت سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے۔شانگلہ، کوئلے کی کان کے مزدوروں کے ڈیتھ میرج گرانٹ اور دیگر سہولیات کی بلا تاخیر فراہمی یقینی بنائیں۔

صوبائی وزیر نے حکام کو کالونیز کی حالت مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسا لائحہ عمل تیار کیا جائے کہ جس سے ملازمین کو بروقت اور آسانی سے فلیٹس مل سکیں۔شوکت یوسفزئی نے حکام کو بتایا کہ محکمہ کی اراضی پر قائم مختلف اضلاع میں غیر قانونی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے جس میں دکانیں،کار پارکنگ اور کلینکس موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد نہ کرنے والے افسران اور ملازمین کیخلاف سزا و جزا کا سخت نظام عمل میں لایا جائے اور کام میں بلا وجہ تاخیر کرنے والے ذمہ داروں کو بھی نوٹسز جاری کریں۔اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ ملازمین اور سکولوں کی ریشنلائزیشن کے امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوری 2022 کے پہلے ہفتے میں ملازمین کو فلیٹس الاٹمنٹ لیٹرز جاری کئے جائیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں