فوڈ اتھارٹی ملازمین کیلئے دو روزہ فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا اہتمام

ہفتہ 22 جنوری 2022 22:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی اور ہلال احمر پاکستان کے اشتراک سے پشاور میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ملازمین اور رضا کاروں کیلئے دو روزہ فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا، جس میں خواتین اسٹاف اور رضاکاروں کو ہنگامی صورتحال اور حادثے کی صورت میں مریض کی جان بچانے کے حوالے سے فرسٹ ایڈ کی بنیادی ٹریننگ فراہم کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا ٹریننگ کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ فرسٹ ایڈ ٹریننگ ایمرجنسی صورتحال میں نہایت اہمیت کے حامل ہے، فوڈ سیفٹی رضا کاروں کے لئے وقتا فوقتا مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کا سلسلہ اگے بھی جاری رہیگا۔ شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ فیلڈ ٹیمز اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں کام کرنے والے اہلکاروں کو بھی فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ دی جائیگی۔

(جاری ہے)

ٹریننگ میں حصہ لینے والے رضاکاروں نے اتھارٹی کی جانب سے فرسٹ ایڈ ٹریننگ کے انعقاد کو خوب سراہا اور کہا کہ انہیں ٹریننگ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ ٹریننگ کے اختتام پر ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان امین نے شرکاء میں سرٹیفیکٹ تقسیم کئے۔ ٹریننگ کے اختتام پر ٹرینر صبیحہ اشرف کا کہنا تھا کہ فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا حصول ہم سب کے لئے نہایت اہم ہے، جو کسی بھی حادثے کی صورت میں زندگیاں بچانے کے کام اسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائیٹی ملک بھر میں فرسٹ ایڈ کی تربیت پر مسلسل کام کررہی ہے، انہوں نے ٹریننگ کے شرکاء کا دو روز تربیتی پروگرام میں خصوصی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ کی جانب سے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ساتھ فرسٹ ایڈ ٹریننگ کے حوالے سے یہ شرکت داری آگے بھی جاری رہیگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں