پختونخوا میں روٹی کی قیمتوں میں کمی اعلانات تک محدود ہے، عملدرآمد زیرو ہے، ثمرہارون بلور

جمعہ 19 اپریل 2024 22:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور نے کہا ہے پختونخوا میں روٹی کی قیمتوں میں کمی اعلانات تک محدود ہے، عملدرآمد زیرو ہے۔ وزیراعلی ورزش اور کرکٹ میں مصروف ہیں اور غریب عوام روٹی کیلئے خوار ہورہے ہیں۔ غریب عوام پس رہی ہے جبکہ صوبائی وزرا اور مشیر نئی گاڑیوں کے ڈرامے میں مگن ہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے روٹی کی قیمتوں کے اعلان میں کمی پر ردعمل دکھاتے ہوئے اے این پی پختونخوا کی ترجمان ثمرہارون بلور نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے نااہل صوبائی حکومت روٹی کو بھی سیاسی سکورنگ کیلئے استعمال کررہی ہے۔100 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے کردی گئی ہے لیکن نان بائی فروخت کرنے سے انکاری ہیں۔ پختونخوا میں روٹی کی قیمت میں 5 روپے کمی کے اعلان باوجود روٹی 20 روپے میں بک رہی ہے۔

(جاری ہے)

مہنگائی اور بے روزگاری کے مارے عوام بازار سے اب بھی مہنگی روٹی لینے پر مجبور ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں کا مقابلہ کرنے میں صرف اعلانات سے کام نہیں چلے گا، عوام کو ثمرات بھی ملنے چاہیئں۔ روٹی کی قیمتوں میں کمی سے قبل گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے بھی عوام بے انتہا مشکلات کا شکار ہیں۔صحافیوں پر الزامات سے فرصت ملی ہو تو صوبائی حکومت کے نمائندے عوام کا بھی پرسان حال کرے۔صوبائی حکومت ٹک ٹاک اور فیس بک سے باہر آکر حقیقی صورتحال کا ادراک کرے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں