خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کے باعث حادثات ، 46 افراد جاں بحق ، 60 زخمی

ہفتہ 20 اپریل 2024 14:57

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 46 افراد جاں بحق جبکہ 60 افراد زخمی ہوئے۔ پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے کی)جانب سے تیز بارشوں کے باعث صوبہ میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 25 بچے 12 مرد اور 9 خواتین جبکہ زخمیوں میں 11 خواتین، 33 مرد اور 16 بچے شامل ہیں. مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 2875 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 436 گھروں کو مکمل جبکہ 2439 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال اپرولوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مھمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان،کوہاٹ، ڈی آئی خان اور اورکزئی میں رونما ہوئے. رپورٹ کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر پی ڈی ایم نے حالیہ بارشوں میں متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد اور امدادی سرگرمیوں کے لیے 110 ملین روپے جاری کئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ قبائلی اضلاع میں بھی امدادی سرگرمیوں کی مد میں 90 ملین روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔مالی معاونت کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع سوات، چترال لوئر ،باجوڑ، کوہستان لوئر، پشاور، نوشہرہ، مہمند، دیر اپر، ٹانک، شانگلہ، تورغر، اور ڈی آئی خان کو امدادی سامان بھی فراہم کر دیا گیا۔پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق امدادی سامان میں خیمے، چٹائیاں،کچن سیٹس،کمبل، بستر،ترپال، سولر لیمپس اور دیگر روزمرہ زندگی کی اشیاء شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔بارشوں کا سلسلہ 21 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے سے ہی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا تھا۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دے سکتے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں