وزیراعلی خیبرپختونخوا سے ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفد کی ملاقات،مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے باہمی اشتراک کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 20 اپریل 2024 15:30

وزیراعلی خیبرپختونخوا سے ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفد کی ملاقات،مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے باہمی اشتراک کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر کوکویوشیاما کر رہی تھیں ۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا خصوصاً ضم اضلاع میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت چلنے والی سرگرمیوں سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے باہمی اشتراک کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صوبائی حکومت اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون اور اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صوبائی حکومت کو ضم اضلاع کے لئے ورلڈ فوڈ پروگرام سمیت دیگر ڈونر اداروں کا مزید تعاون درکار ہے، ورلڈ فوڈ پروگرام کی طرف سے ضم اضلاع کی بچیوں کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کا پروگرام قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں تعلیم کا فروغ اور لوگوں کو روزگار کی فراہمی اہم ترجیح ہے، ضم اضلاع کو قومی دھارے میں لانے کے لئے حکومت اور ڈونر اداروں کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کے دوران ان اضلاع میں انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے. انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں فارم ٹو مارکیٹ روڈز تعمیر کرنے اور بحالی کے کاموں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے.۔

وزیراعلی نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی حکومت چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، صوبے میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ٹنل فارمنگ سمیت دیگر جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے آبی وسائل کو پن بجلی اور زرعی اجناس میں خود کفالت کے لئے موثر انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے، ہم لوگوں کو روزگار دے کر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے کام کررہے ہیں، اس مقصد کے لئے ہمیں بیرونی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو درکار تمام سہولیات فراہم کرے گی۔

وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت اشیائے خوردونوش کی کوالٹی یقینی بنانے کے لئے فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز قائم کرنا چاہتی ہے، اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو ڈونر ایجنسیوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو سیلاب کے نقصانات سے محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔اس موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر کوکویوشیاما نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر عوامی فلاح کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے، ورلڈ فوڈ پروگرام ضم اضلاع کی 30 ہزار بچیوں کو تعلیمی وظائف فراہم کرنے پر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ صوبائی حکومت کے ساتھ اشراک کار کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں