خیبرپختونخوا ضمنی بلدیاتی انتخابات برائے چیئرمین تحصیل کونسل کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹرقائم

ہفتہ 27 اپریل 2024 18:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 28 اپریل (کل) کو خیبرپختونخوا میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات برائے چیئرمین تحصیل کونسل کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹرقائم کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سنٹرمیں عوام الناس کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اوراپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی، شکایات کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اوراِس مقصد کے لیے سنٹرمیں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے ، الیکشن کمیشن نے عوام کی شکایات کے اندراج اوران کے فوری حل کے لیے 4 سطحوں پرکنٹرول سنٹرقائم کئے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اورضلعی سطح پرکنٹرول رومزقائم کیےگئے ہیں،عوام مذکورہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں شکایات کے اندراج کے لیے ای ایم سی سی سنٹرکےعملہ سے ای میل [email protected] پربھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمیشن نےعوام کی سہولت کے لیے ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے جس کا رابطہ نمبر 051111327000 ہے،ای ایم سی سی پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک چوبیس گھنٹے کام کرے گا ،کنٹرول سنٹرمیں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے،فیکس نمبر0519204404 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں