خیبرپختونخوا ،شندور پولوفیسٹیول کے تمام سٹیک ہولڈرز کوجامع اور مکمل پلان ترتیب دینے کی ہدایت

ہفتہ 11 مئی 2024 09:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) خیبرپختونخواحکومت نے شندور پولوفیسٹیول کے تمام سٹیک ہولڈرز کومل کر ایک جامع اور مکمل پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ کلچر اینڈ ٹورزم خیبرپختونخوا کے مطابق اعلی سرکاری حکام نے فیسٹیول کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایک جامع اور مکمل پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے،شندور پولو فیسٹیول سے عالمی سطح پر نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک کا ایک مثبت تاثر جائے گا۔

محکمہ کلچر اینڈ ٹورزم خیبرپختونخوا کے مطابق اعلی سرکاری حکام نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو فیسٹیول سےقبل سیاحوں کی آمدروفت کے لیے سڑکوں پر جاری کام کو تیز کرنے اور لینڈ سلائیڈنگ ا ور دیگر حالات کے دوران ہنگامی اقدامات کے تحت بھاری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

دنیا کے سب سے بلند مقام پر واقع پولو گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کےلئے تاریخوں کا اعلان موسمی حالات کو دیکھ کر مشاورت کے بعدکیا جائےگا۔

فیسٹیول کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں، مقامی و غیر ملکی سیاحوں، میڈیا نمائندوں و دیگر مہمانوں کی رہائش کے لیے تمام انتظامات کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔ اعلی سرکاری حکام نے فیسٹیول کے لیے بہترین انتظامات کی ہدایت کی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں جبکہ چترال کی دستکاری اور مقامی طور پر تیار شدہ مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے فیسٹول میں خصوصی سٹالز لگائے جائیں گے۔شندور پولو فیسٹیول کے کامیاب انعقاد سے چترال کی مقامی معشیت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، اسلام آباد سے چترال پی آئی اے کی خصوصی فلائٹس ہوں گی جن سے سیاح استفادہ کرتے ہوئے شندور پولو فیسٹیول میں شرکت کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں