مسلم لیگ (ن) کی رکشہ یونین کے پہیہ جام ہڑتال کی حمایت

جب سے حکومت بر سر اقتدار آئی ہے ‘صوبے کا ہر طبقہ سڑکوں پر احتجاج کررہا ہے ‘ فضل اللہ

بدھ 22 مئی 2024 21:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا نے رکشوں کی پکڑ دھکڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے رکشہ یونین کے پہیہ جام ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے اس سلسلے میں رکشہ یونین کے عہدیداروں صدر امان اللہ، باز محمد اور عبد الودود وغیرہ نے ن لیگ کے صوبائی نائب صدر فضل اللہ داؤدزئی سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا وفد نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے رکشوں کے خلاف آپریشن کی وجہ انکا معاشی قتل کیا جارہا ہے یہ سلسلہ جاری رہا تو ڈرایئور حضرات اور انکے بچے خودکشیوں پر مجبور ہوجائینگے اس موقع پر فضل اللہ نے کہا کہ جب سے صوبائی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے صوبے کا ہر طبقہ سڑکوں پر احتجاج کررہا ہے اور اب رکشہ مالکان جوکہ بمشکل اپنے بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی کماتے ہیں کے منہ سے آخری نوالہ بھی چھیننا جارہا ہے حکومت ہوش کے ناخن لے اور رکشوں سے وابستہ آٹھ لاکھ خاندانوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ غریب محنت کشوں کے 27مئی کے ہڑتال میں انکا بھرپور ساتھ دیگی اور پارٹی ایم پی اے ملک طارق اعوان نے اس حوالے سے اسمبلی فلور پر بھی یونین کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی ہے اگر حکومت نے اپنا موقف تبدیل نہ کیا تو ہماری جماعت کے ورکرز بھی رکشہ یونین کے ہمراہ سڑکوں پر ہونگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں