جعلی فارم 47 کی حکومت پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے بھی خوفزدہ ہے، بیرسٹر سیف

پی ٹی آئی اور عمران خان کے بغض میں ملک کو بنانا ریاست بنا دیا گیا ہے، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا

جمعہ 24 مئی 2024 22:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ پر تجاوزات کے نام سے یلغار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کی جعلی حکومت نے فسطائیت کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی فارم 47 کی حکومت پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے بھی خوفزدہ ہے۔

جعلی حکومت میں لاقانونیت کا راج ہے۔پی ٹی آئی اور عمران خان کے بغض میں ملک کو بنانا ریاست بنا دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی جعلی حکومت کی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ پی ٹی آئی جعلی حکومت کے اس مزموم اقدام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ فارم 47 کی جعلی حکومت پی ڈی ایم کے وقت سے پاکستان تحریک انصاف کے حلاف ہر گری ہوئی حرکت کرتی آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

لیکن ان کے ان تمام اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود پی ٹی آئی کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نقوی اور شہباز کی حکومت نے پی ٹی آئی کارکنوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے، کارکنوں کو پابند سلاسل کیا، عمران خان پر قاتلانہ حملے کئے گئے، انہیں جیل میں ڈالا گیا، انتخابی نشان تک چھینا گیا لیکن وہ پی ٹی آئی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکے اور شہباز شریف اینڈ کمپنی کے دل سے پی ٹی آئی کا خوف ختم نہیں ہوسکا۔ اب پی ٹی آئی سکرٹریٹ پر حملہ کردیا۔ لیکن یاد رہے اس سے پی ٹی آئی کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط ہوگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں