جامعہ بلوچستان کے لئے تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی کیلئے رقم جاری کی جائے ورنہ سخت احتجاج شروع کیا جائیگا،جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان

پیر 12 فروری 2024 23:01

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2024ء) جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کے پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، شاھ علی بگٹی، نذیر احمد لہڑی، فریدخان اچکزئی، نعمت اللہ کاکڑ اور گل جان کاکڑ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کرام، آفیسران اور ملازمین کو شعوری طور پر مالی بحران میں مبتلا رکھا گیا ہیں اور جنوری کے مہینے کی تنخواہ اور پینشنزکی ادائیگی ابھی تک نہیں کی گئی ۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک طرف تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی نہیں کی جارہی جبکہ دوسری طرف جامعہ بلوچستان پر مسلط وائس چانسلر پالیسی ساز اداروں خصوصا سینٹ کا اجلاس بغیر شیڈول کے منعقد کررہا ہے جوکہ قابل مذمت اور غیر قانونی عمل ہے،بیان میں چانسلر و گورنر بلوچستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر کو سینٹ کے اجلاس کے انعقاد سے روکے اور نئے وائس چانسلر کی تعیناتی کا آرڈر فوری طور پر جاری کریںبیان میں تینوں ریسرچ سینٹرز کے اساتذہ کرام اور ملازمین کو تو 35 فیصد اضافہ سمیت ہاوس ریکوزیشن اور معذور ملازمین کو انکی معذوری الاونسز نہ دینے پر سخت تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ بجٹ میں اعلان کردہ معذور الائونس تنخواہوں میں شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے صوبائی و مرکزی حکومت، ایچ ای سی خصوصا گورنر بلوچستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ جامعہ بلوچستان کے لئے فوری طور پر تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی کیلئے رقم جاری کرے بصورت دیگر جوائنٹ ایکشن کمیٹی سخت احتجاج شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں