قیامت پر ایمان رکھنے کا عقیدہ مسلمان کے بنیادی عقائد اور ضروریات دین سے ہے، دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد امین عطاری

اتوار 20 اکتوبر 2019 23:55

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2019ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ قیامت پر ایمان رکھنا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ عقیدہ مسلمان کے بنیادی عقائد اور ضروریات دین سے ہے، ضروریات دین اسلام کے وہ احکام ہیں جن کو ہر خاص و عام جانتے ہوں، جیسے اللہ پاک کی وحدانیت، انبیائے کرام علیھم الصلوٰة والسلام کی نبوت، نماز، روزے، حج، جنت، دوزخ، قیامت میں اٹھایا جانا، حساب و کتاب لینا وغیرہ ان پر ایمان لائے بغیر کوئی مسلمان نہیں ہوسکتا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گناہوں کی کثرت کو بھی قیامت کی علامات میں سے بیان کیا گیا ہے، آج ہم دیکھیں تو ہمیں اندازہ ہوگا کہ وہ کون سا گناہ ہے جو ہمارے معاشرے میں نہیں پایا جارہا، تنہائی ہو یا محفل، گھر ہو یا بازار، شہر ہوں یا گائوں ہر جگہ گناہوں کی بھرمار ہے بلکہ اب تو گناہوں کی ایسی زیادتی ہے کہ خود کو گناہوں سے بچانا مشکل ترین کام ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یقینا ہمارا ایمان ہے کہ قیامت نے ایک نہ ایک دن ضرور آنا ہے، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے اعمال اور احوال میں ایسی تبدیلی لائیں جو ہمیں قیامت کی ہولناکیوں سے بچا سکیں۔حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ دنیا بظاہر بڑا پررونق مقام ہے لیکن اس کا عیب یہ ہے کہ یہاں کی ہر چیز کی کوئی نہ کوئی انتہا ہے، عنقریب ایک دن ایسا آئے گا کہ جب دنیا کی تمام رنگینیاں ختم ہوجائیں گی، دنیا کی خوبصورتی پر زوال آجا ئے گا،دنیا اجڑے ہوئے چمن کی طرح ویران ہوجائے گی، بڑے بڑے پہاڑ بکھر جائیں گے اور دھنی ہوئی روئی کی طرح پرواز کرتے ہوں گے، اللہ پاک ہمیں اس دن کی تیاری کرنے اور خوب خوب نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں