وزیر اعلی بلوچستان سے یواین ڈی پی کے نمائندہ وفد کی ملاقات، بلوچستان میں جاری و آئندہ منصوبوں پر تبادلہ خیال

جمعرات 25 اپریل 2024 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعرات کو یہاں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کنی وگنا راجا کی سربراہی میں یو این ڈی پی کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور بلوچستان میں جاری اور آئندہ کے مجوزہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات میں حکومت بلوچستان اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقی نے مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک پر اتفاق کیا ۔

یو این ڈی پی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ، صوبے میں غیر معمولی بارشوں اور سیلابی آفات سے فصلوں اور کچے مکانات کو بڑے پیمانے پر نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت اور اس کے ماتحت ادارے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق جامع پالیسی پرکام کررہے ہیں ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دوبارہ آباد کاری کے بحالی منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی میں اس بات پر توجہ دی جارہی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں رونما ہونے والے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم رکھا جائے اور مستقبل کی منصوبہ بندی بدلتے موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر تشکیل دی جائے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی بلوچستان نے عالمی ادارہ ترقی کے نمائندہ وفد کو آگاہ کیا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں نیشنل گرڈ سے پیچیدہ منصوبہ بندی کے ذریعے مہنگی قیمت پر بجلی کی فراہمی کے بجائے سولر کے ذریعے متبادل ذرائع پر کام جاری ہے اور ابتدائی طور پر بلوچستان کے متعدد مراکز صحت اور تعلیمی اداروں کو سولرائزیشن سسٹم پر منتقل کیا گیا ہے ، ہماری خواہش ہوگی کہ یو این ڈی پی کے تعاون سے صوبے میں متبادل توانائی کے منصوبوں کو وسعت دی جائے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان عالمی سرمایہ کاری کے لئے موزوں خطہ ہے جہاں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ون ونڈو آپریشن کے تحت ملکی اور قومی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات ایک چھت تلے فراہم کریں گے ۔ وزیراعلی بلوچستان نے یو این ڈی پی کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

وفد کی سربراہ اسسٹنٹ سیکرٹری یو این ڈی پی کنی وگنا راجا نے وزیراعلی بلوچستان کو آگاہ کیا کہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت پاکستان کے 20 اضلاع کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان تشکیل دیا گیا ہے جس میں بلوچستان کے 10 اضلاع شامل ہیں ، بلوچستان حکومت کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم و صحت کے شعبوں میں تعاون کریں گے ، اس کے علاوہ سیلاب متاثرین کی دوبارہ آباد کاری، متبادل توانائی رولز آف لاء اور ایس ڈی جیز پر معاونت کررہے ہیں ۔ ملاقات میں ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر عمران زرکون سمیت حکومت بلوچستان کے اعلی افسران و یو این ڈی پی کے دیگر نمائندے بھی شریک تھے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں