حفیظ، میلن اور آفریدی کی جارحانہ اننگز ناکافی ثابت، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مسلسل دوسری بار پی ایس ایل ٹو کے فائنل میں پہنچ گئی، کوئٹہ نے زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 رن سے شکست دی، زلمی 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں پر 199 رنز بنا سکی، نواز نے آخری اوور میں 7 رنز کا دفاع کر کے زلمی کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا، شہزاد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 1 مارچ 2017 01:41

شارجہ۔ 28 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں پہنچ گئی، کوئٹہ نے زلمی کو پہلے کوالیفائنگ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 رن سے شکست دی، زلمی کی ٹیم 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 199 رنز بنا سکی، محمدحفیظ کی 77 ، ڈیوڈمیلن کی 56 اور شاہد آفریدی کی 34 رنز کی جارحانہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، محمدنواز نے آخری اوور میں 7 رنز کا دفاع کر کے زلمی کے منہ سے فتح چھین لی، احمدشہزاد کو71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

منگل کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوالیفائنگ فائنل میں پشاور زلمی کے قائد ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے کوئٹہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 200 رنز کا مجوعہ ترتیب دیا، احمدشہزاد اور کیون پیٹرسن کے سوا کوئٹہ کا کوئی بھی بلے باز ڈٹ کر زلمی کے بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکا، شہزاد 71 اور پیٹرسن 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، لیوک رائٹ12، ریلی روسو اور کپتان سرفراز احمد 17، 17، انورعلی 20 اور سعدنسیم 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، محمدنواز اور حسن علی ایک، ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، وہاب ریاض نے 3 جبکہ حسن علی اور ڈیرن سیمی نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 199 رنز بنا سکی، ہدف کے تعاقب کیلئے پشاور زلمی جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن رہا اور 3 کے سکور پر اس کے دو کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، کامران اکمل اور مارلون سیموئلز ایک، ایک بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر حفیظ اور میلن نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور تیسری وکٹ میں 139 رنز کی قیمتی شراکت بنا کر سکور 142 تک پہنچا دیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، حفیظ 47 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد محمدنواز کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 157 کے سکور پر زلمی کی چوتھی وکٹ گری جب میلن 56 رنز بنا کر ملز کی گیند کا نشانہ بنے، حارث سہیل صرف 6 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے، آفریدی نے بھی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 13 گیندوں کی مدد سے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 34 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا تاہم اس کے باوجود زلمی کو ایک رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، آفریدی 34 رنز بنانے کے بعد انور علی کی گیند کا نشانہ بنے، زلمی کو آخری اوور میں فتح کیلئے 7 رنز درکار تھے لیکن محمدنواز نے غیرمعمولی بائولنگ کا مظاہرہ کر کے 7 رنز نہ بنانے دیا اور ٹیم کو ایک رن سے کامیابی دلائی، زلمی نے آخری تین گیندوں پر تین وکٹیں گنوا کر فتح کوئٹہ کی جھولی میں رکھ دی، سیمی نے 11 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، نواز نے تین جبکہ انورعلی، ذوالفقاربابر اور ملز نے ایک، ایک وکٹ لی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں