پاک بحریہ و کوسٹ گارڈ کے شہداء سپردِ خاک

جمعہ 19 اپریل 2019 17:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب گزشتہ روز دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک بحریہ کے جوان علی اصغر کو لیہ اور کوسٹ گارڈ کے سپاہی ذوالفقار مری کو پڈ عیدن میں سپرد خاک کر دیا گیا۔پاک بحریہ کے شہید جوان علی اصغر کی نماز جنازہ لیہ کے میلاد گرائونڈ فتح پورمیں اداکی گئی ، تدفین آبائی قبرستان میں ہوئی۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، شہید علی اصغر کے سوگواروں میں بیوہ، چار بیٹے اورایک بیٹی شامل ہیں۔کوسٹ گارڈ کے شہید سپاہی ذوالفقار مری کو پڈعیدن میں نماز جنازہ کے بعد آبائی گائوں پٹھان مری کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اورماڑہ میں دہشت گردوں نے مسافر بس رکوا کر شناخت کرنے کے بعد 14 مسافروں کو اتار کر ان کے ہاتھ پیر باندھے اور گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا، ان شہداء میں پاکستان نیوی اور کوسٹ گارڈز کے اہلکار بھی شامل تھے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں