پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے میڈیکل سپریٹنڈنٹ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ ڈاکٹر جاوید اختر کی ملاقات

سول اسپتال میں دستیاب طبی سہولیات اور درپیش مسائل سے متعلق آگاہ کیا

اتوار 19 ستمبر 2021 00:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے میڈیکل سپریٹنڈنٹ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ ڈاکٹر جاوید اختر نے ملاقات کی اور سول اسپتال میں دستیاب طبی سہولیات اور درپیش مسائل سے متعلق آگاہی دی ایم ایس ڈاکٹر جاوید اختر نے پارلیمانی سیکرٹری صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سول سنڈیمن اسپتال میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا گیا ہے جس کے بعد ٹریفک کی روانی میں تمام غیر ضروری بلاکیج ختم ہوچکی ہے اب اندرون اسپتال آمد و رفت سہل ہو گئی ہے اسپتال کے احاطے میں ایک وسیع پارکنگ ایریا ہنگامی حالات کے لئے وقف کردیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ اسپتال اور نرسنگ ہاسٹل میں قلت آب سے نمٹنے کیلئے وسیع المدتی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے اور دو نئے ٹیوب ویل نصب کردئیے گئے ہیں کیتھ لیب اور ضروری طبی مشینری کی درستگی کے لئے محکمانہ منظوری ہوچکی ہے جس کا ٹینڈرنگ پروسس جلد شروع کردیا جائیگا اسپتال میں قائم ماس ویکسینیشن سینٹر میں گزشتہ دورانیے کا بیک لاک ختم کرکے ویکسین کی انٹری براہ راست رئیل ٹائم ڈیٹا مینجمنٹ کے تحت کی جاررہی ہے انہوں نے کہا کہ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں روزآنہ چھ سے سات ہزار افراد کو طبی سروسز فراہم کی جاررہی ہیں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں طبی سہولیات کے تسلسل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمیان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرشری کئیر اسپتال صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے علاوہ پورے صوبے کی عوام کے علاج معالجے کا مرکز ہے اس لئے یہاں طبی سہولیات کو قائم رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں اسپتال انتظامیہ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ امید ہے کہ اس میں مزید بہتری لائی جائیگی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ عدالت عالیہ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں حل طلب مسائل کو فوکس کرکے پوری تندہی اور محنت سے کام کیا جائے اور مقررہ ٹائم فریم میں تمام شعبوں کو فعال کرکے عمل درآمد رپورٹ عدالت اور محکمہ میں جمع کی جائے انہوں نے کہا کہ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں کسی بھی طبی سروس کا مختصر تعطل بھی نہایت پریشانی کا باعث ہوتا ہے کیونکہ یہ شہر کے وسط میں سب سے بڑی سرکاری علاج گاہ ہے اور ہر فرد کی دسترس میں ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ایم ایس ڈاکٹر جاوید اختر کو ہدایت کی کہ ایک اہم طبی ادارے کو فعال رکھنے کی جو اہم ذمہ داری انہیں تفویض کی گئی اس اعتماد پر پورا اترنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کو ایک مثالی طبی ادارہ ثابت کریں ، میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید اختر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کے تمام شعبہ جات اور سروسز کی فعالیت کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عدالت عالیہ بلوچستان اور پارلیمانی سیکرٹری صحت بلوچستان کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے عوام کو صحت کی معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھا جائے گا

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں