صوبائی حکومت کی نااہلی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کی احتجاج کے باعث گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں ،پشتونخواملی عوامی پارٹی

ہر شاہراہ پر نالیوں کا گندہ پانی سیلاب کا منظر پیش کررہا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے

جمعرات 9 دسمبر 2021 00:09

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میںکہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کی احتجاج کے باعث پورے شہر میں گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں اور ہر شاہراہ پر نالیوں کا گندہ پانی سیلاب کا منظر پیش کررہا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلط صوبائی حکومت کے پہلے وزیر اعلیٰ کی جانب سے مسلسل تین سال اپنی نااہلی ، ناکامی کے باعث شہر کو کھنڈرات ، گندگی کے ڈھیر ، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی سمیت ہر قسم کے بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا راتوں رات بننے والی جماعت کے نئے وزیر اعلیٰ کی شہر میں دورے کرنا کا مقصد اگر صرف فوٹو سیشن کی حد تک ہوگا تو صوبہ بالخصوص کوئٹہ شہر مسائلستان بن جائیگا کیونکہ اب تک کئی بھی عملی اقدامات ہوتے ہوئے نظر نہیں آئے ہیں ۔

(جاری ہے)

میٹروپولیٹن کارپوریشن کی انتظامیہ فنڈز کی عدم فراہمی کا رونا رو رہے ہیں ، شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں ، واسا اور میٹروپولیٹن کارپوریشن پانی کی شہریوں تک فراہمی کی بجائے VIP'sکو صرف پانی فراہم کررہے ہیں ۔ اگر واٹر ٹینکرز والے اپنی ہڑتال ختم نہ کرتے تو شہری پانی کی بوند بوند کو ترس جاتے کیونکہ حکومت اور محکمہ واسا اور ضلعی انتظامیہ مکمل طو رپر ناکام ہوچکے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج برحق ہے لیکن اس کی سزا شہریوں کو دینا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔ آئے روز ہر محکمہ کے لوگ احتجاج پر مجبور ہورہے ہیں جس کی ذمہ دار موجودہ صوبائی حکومت اور اس کی نااہل کابینہ اوردوسری جانب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا نہ ہونا ہے کیونکہ یونین کونسل کے عوامی نمائندے جب بھی بلدیاتی انتخابات میں عوام کے ووٹ کے ذریعے منتخب ہوکر آتے ہیں تو کسی حد تک یونین کونسل کے عوام کو پانی ، صفائی ودیگر سہولیات کی فراہمی میسر ہوتی ہے۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے تمام علاقوں بالخصوص ہر یونین کونسل میں صفائی مہم کو فوری طور پر شروع کرکے گندگی کے ڈھیر کا خاتمہ ، نالیوں کی صفائی او رگندے پانی کا سڑکوں پر بہنے کاخاتمہ اور اسپرے کیا جائے تاکہ گندگی کے ڈھیر سے پھیلنے والے بیماریوں کاکسی حد تک خاتمہ ہو سکے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں