ماں کا دودھ بچے کیلئے ایک مکمل اور بہترین غذا ہے ،سیکرٹری صحت

ماں کا دودھ بچے کی صحت مند نشوونما اور بڑھنے کیلئے ضروری ہے ،حافظ محمد طاہر

بدھ 17 اگست 2022 22:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2022ء) سیکرٹری صحت حافظ محمد طاہر ،ڈایکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹرنور قاضی ،نیشنل پروگرام برائے لیڈی ہیلتھ ورکرز صوبائی کوارڈی نیٹرڈاکٹرسمیع کاکڑ،یونیسف کے چائلڈ فار ڈویلپمنٹ اسپیشلسٹ ہمایوں امیری ،مرسی کور کے ڈاکٹرسعید اللہ خان ،ڈ ی ایچ او کوئٹہ ڈاکٹر نوربخش بزنجو،ڈاکٹر عائشہ صدیقہ ،ڈاکٹر امداد اچکزئی،یونیسف کے نیوٹریشن آفیسر عمران علی جتوئی،ڈاکٹر بشیرابڑو، بخت نصرکاسی اور دیگر نے کہا ہے کہ ماں کا دودھ بچے کیلئے ایک مکمل اور بہترین غذا ہے یہ بچے کی صحت مند نشوونما اور بڑھنے کیلئے ضروری ہے اور یہ دست اوردیگر بیماریوں سے بچوں کو محفوظ رکھتا ہے بچے کو چھ ماہ تک صرف اور صرف ماں کا دوھ پلائیں ۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو بوائے سکاوٹس ہیڈ کواررٹر میں نیشنل پروگرام برائے لیڈی ہیلتھ ورکرز،یونیسف اور مرسی کور کے تعاون سے ماؤں کے دودھ کی افادیت سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچے کو پیدائش کے پہلے گھنٹے کے اندراندر ماں کا دودھ پلائیں پیلاگاڑھا دودھ (کولسٹرم)مدافعتی اجزاء سے بھر پور ہوتا ہے یہ بچے کیلئے بہت مفید اور صحت بخش ہے ماں کا دودھ بچے کیلئے بہترین ہے کسی قسم کی گھٹی بچے کو نہ دیں کیونکہ اس سے بچے کے بیمار ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کی عمر سے اضافی خوراک شروع کروائیں کیونکہ بچے کی اچھی نشوونما کے لئے ماں کے دودھ کے ساتھ ساتھ اضافی خوراک کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کا پیٹ صاف کرتا ہے اور بیماریوں کے خلاف بچے کی قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے بچے کو چھ ماہ تک ماں کے دودھ کے علاوہ کوئی اور مشروب مثلاً پانی ،قہوہ یا چائے بالکل نہیں دینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ قانون عوام میں مصنوعی فارمولے کو ماں کے دودھ کے متبادل کے طور پر پیش کرنے اوراسکی تشہیر سے روکا ہے قانون کے مطابق مصنوعی فارمولا کی فروخت صرف ڈاکٹر کے نسخے پر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے بعدبچے کو مناسب مقدار میں کھچڑی ،موسمی سبزیاں(گاجر،پالک،آلووغیرہ)قیمہ کے ساتھ چاول ،چاولوں کی کھیر،دلیہ سوئیاں ،چوری ،ابلے مسلے ہوئے آلو،مکھن ،انڈہ ،کیلا اور موسمی پھل دں عمر کے ساتھ ساتھ بچے کی غذا کی مقدار کو بھی بڑھتے جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نیشنل پروگرام برائے لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام ہر سال ماہ اگست میں ماں کے دودھ کی افادیت سے متعلق آگاہی کا مہینہ مانتا ہے اس دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں آگاہی سمینار، واک کا اہتمام کیا جاتا ہے اور لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھر جاکر ماؤں کو بچوں کو دودھ پلانے کی افادیت سے متعلق آگاہی دیتی ہیں آج کا پروگرام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں