ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت اجلاس، متوقع شدید بارشوں کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے نیا پلان مرتب

منگل 23 اپریل 2024 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کا اجلاس منعقد ہوا۔ محکمہ صحت، محکمہ پی ایچ ای، سوئی سدرن گیس، این ایچ اے سوشل ویلفیر،پولیس ڈیپارٹمنٹ، ایف سی، ٹریفک پولیس،پی ڈی ایم اے، ایریگیشن، میونسپل کارپوریشن، پی پی ایچ آئی، بی ڈبلیو ڈی اور سی اینڈ ڈبلیو کے آفیسران ، اسسٹنٹ کمشنرکچلاک اور اسسٹنٹ کمشنرسریاب نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں گزشتہ طوفانی بارشوں اس کی تباہ کاریوں کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متوقع شدید بارشوں کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے نیا پلان مرتب کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے این ایچ اے کو کوئٹہ شہر کی سڑکوں میں بنے کھڈوں کو بھرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ایچ او کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں زیادہ بارش ہوگی وہاں ڈی ایچ او اور پی پی ایچ آئی کی ٹیمیں امدادی کیمپ لگائیں گی۔

میونسپل کارپوریشن کو ہدایت جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی تمام ٹیمیں ملازمین اور مشینری سمیت ہائی الرٹ رہیں جبکہ پی ڈی ایم اے کی تمام ہیوی مشینری کو ہائی الرٹ پر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ این ایچ اے، میونسپل کارپوریشن اور ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جوکہ 24 گھنٹے الرٹ رہیگا۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ کے تمام آفیسران فیلڈ میں موجود رہینگے۔

24 تاریخ سے لیکر 26 تاریخ تک تمام متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ کوئٹہ میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو ٹیموں، ایمبولینسوں اور امدادی سروسز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں