پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی بلوچستان سے ہی وابستہ ہے، ہمیں اپنے قومی اداروں پر فخر ہے، گورنر بلوچستان

جمعرات 25 اپریل 2024 22:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی بلوچستان سے وابستہ ہے ، بارڈر مارکیٹس قائم کرنے اور سرحدی تجارت کو فروغ دینے سے صوبہ میں بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پاک نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کے دوران صوبے کے ساحلی علاقوں کی ترقی، بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے، بارڈر ٹریڈ کو مستحکم بنانے، امن و امان کی صورتحال اور سمندری تجارت کے حوالے سے نئے امکانات بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ وقت آپہنچا ہے کہ ہم ملک اور صوبے کی معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کیلئے جرات مندانہ فیصلے کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل و معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے، رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے اور یہاں آبادی قلیل مگر منتشر ہے جسکی وجہ سے عوام کو تمام بنیادی سہولیات پہنچانا خاصا مشکل کام ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں سکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے امن وامان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہے، ہمیں اپنے قومی اداروں پر فخر ہے اور یہ بات ہم سب کیلئے باعثِ فخر ومسرت ہے کہ آج ہمارے اداروں میں دنیا کے مختلف ممالک سے افسران تربیت حاصل کرنے کیلئے آتے ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں