صوبائی وزیر خزانہ کا بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا دورہ، معاشی ترقی کے اہداف کے حاصل کیلئے محصولات کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی ہدایت

جمعرات 25 اپریل 2024 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے ٹیکس ان سروسز کے نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں خدمات کے محصولات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے تاکہ صوبے کی معاشی ترقی کے اہداف حاصل کئے جائیں، اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت صوبہ معاشی مسائل کے گرداب سے نکل آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےجمعرات کو بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے دورے کے موقع پر کیا۔سیکرٹری خزانہ بابر خان اور چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی نورالحق بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی سربراہی میں موجودہ حکومت صوبے میں دیرپا ترقی اور استحکام کیلئے 60 نکاتی اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے، صوبے میں معاشی استحکام اور عام آدمی کی فلاح و بہبود اس ایجنڈے کی ترجیحات میں شامل ہے، محصولات کے نظام اور بی آر اے کے قانون میں ترمیم اور اصلاحات کے ذریعے حاصل ہونے والی امدن کو مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی نورالحق بلوچ نے وزیر خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بی آر اے نے اپنے اہداف کے حصول میں گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال 40 فیصد زائد ریونیو اکٹھا کیا ہے۔ انہوں نے صوبے میں محصولات اکٹھا کرنے والے دیگر صوبائی اداروں کے ساتھ بی آر اے کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا اس مد میں مجموعی شیئر 87 فیصد ہے۔

چیئرمین نے مزید بتایا کہ حال ہی میں حب اور گوادر آفسز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے، حب کی اس ضمن میں کارکردگی غیر معمولی رہی ہے۔ وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی نے اس موقع پر حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اتھارٹی کے موجودہ قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی تاکہ نہ صرف اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو ملنے والے اختیارات کا بہترین استعمال کرتے ہوئے صوبے کے عوام کی خدمت کی جائے بلکہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو محصولات کا ایک مثالی ادارہ بنایا جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں