مائنز حادثات کا ذمہ دار محکمہ مائن ،ٹھیکیداری نظام ہے،سلطان خان

ًمائنز میں صحت وسلامتی کے قوانین پر عملدر آمد نہیں کیا جاتا،مرکزی چیئر مین عبدالستار

جمعرات 25 اپریل 2024 20:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) پاکستان سنٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی چیئر مین عبدالستار ،مرکزی سیکرٹری جنرل سلطان محمد خان، ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات منظور احمد بلوچ ،خزانچی عبدالستار جونیئر،آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین شاہ علی بگٹی اور بلوچستان ٹیکنیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر نور شاہ نے دکی اور ہرنائی کی کول مائنز میں زہریلی گیس بھرنے کے نتیجے میں ہونیوالے حادثے میں پانچ کان کنوں کی شہادت پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقع کا ذمہ دار محکمہ مائنز ،ٹھیکیداری نظام اور غیر قانونی مائننگ سمیت مائن مالکان کو قرار دیا ہے۔

پاکستان سنٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والی پریس ریلیزکے مطابق پاکستان سنٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی چیئر مین عبدالستار نے کہا کہ پاکستان میںمائننگ کے شعبے میںصحت وسلامتی کے قوانین پر عملدر آمد نہیں کیا جاتا، مائننگ کے حوالے سے انگریز سرکار کا بنایا ہوا مائننگ ایکٹ 1923 بھی موجود ہے اس پر بھی عمل نہیں کیا جاتا، محکمہ مائنز اور مائن مالکان کی کی غفلت کی وجہ سے کان کنی کے شعبے میں دن بدن حادثات بڑھ رہے ہیں ،ڈی جی مائنز غیر قانونی الاٹمنٹ کئے جارہے ہیں ،مائن انسپکٹر مائنز کی انسپکشن نہیں کرتے ،لہٰذا ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ جس مائن میں حادثہ ہو وہاں کے مائن انسپکٹر اور مائن مالک پر ایف آئی آر درج کی جائے،اگر حادثے والی مائن غیرقانونی ہو تو پھرڈائریکٹر جنرل مائنز پر بھی پرچہ دیا جائے جبکہ صحت وسلامتی کے قوانین پر عملدر آمد نہ کرنے والی مائنز کی الاٹمنٹ فوری طور پر منسوخ کی جائے۔

(جاری ہے)

پاکستان سنٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلطان محمد خان نے کہا کہ مائنز میں حادثات کی روک تھام کیلئے کمیونیکیشن کا جدید انتظام نافذ کیا جائے ،کارکنوں کی حفاظت کیلئے مناسب وینٹی لیشن کا انتظام کیا جائے،مائن میں گیسوں کی مقدار کا پتہ لگانے کیلئے ڈیجیٹل ڈیٹیکٹرز سمیت حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بنایا جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں