صوبے میں مالی و تکنیکی پیشہ ورانہ علوم کے فروغ میں ملک کے تمام بڑے اداروں کی معاونت حاصل کی جائیگی، صوبائی وزیر تعلیم

بدھ 1 مئی 2024 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہےکہ صوبے میں مالی و تکنیکی پیشہ ورانہ علوم کے فروغ میں ملک کے تمام بڑے اداروں کی معاونت حاصل کی جائیگی تاکہ صوبے کے اسکولوں اور کالجوں کے نصاب میں مالیاتی خواندگی اور مالی امور میں طلباء و طالبات کو گلوبل ٹرینڈز سے متعلق آگاہی حاصل ہو سکے اور وہ اپنے آمدن میں اضافے کے لیے نئے ایوینو ڈھونڈ سکیں ۔

یہ بات انہوں نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی) کے ساتھ سکول ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مفاہمتی یاداشت پر دستخط سیکرٹری سکول ایجوکیشن صالح محمد ناصر اور ایس ای سی پی کے سربراہ انویسٹر ایجوکیشن عثمان سیدنے کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ماہرین نے بتایا کہ ایس سی سی پی کے ساتھ انورٹر ایجوکیشن اقدام“جاما پونجی”صوبے میں جدید علوم میں مہارت کی جانب ایک اہم قدم ہو گا اور اس منصوبے کے تحت مالی و تکنیکی موضوعات کو شامل کر کے اساتذہ کے تربیتی پروگرام کے ذریعے اساتذہ کو ضروری مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا تا کہ وہ طلبا و طالبات کی بھر پور رہنمائی کرتے ہوئے انکی استعداد میں اضافہ کریں ۔

مزید برآں ایس ای سی پی کی جانب سے بلوچستان میں طلباء کے لیے آگاہی سیمینارز کا انعقاد بھی ممکن بنایا جائے گا، جمع پونجی اقدام کے تحت طلباء بجٹ، بچت، سرمایہ کاری اور قرض کے انتظام جیسے بنیادی تصورات سیکھیں گے۔ مالی خطرات اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی ان کے مالی نقصانات، جیسے قرضوں کا جمع ہونا اور سرمایہ کاری کے ناقص انتخاب کے خطرے کو کم کرنے جیسے موضوعات سے بہت مند ہوں گے۔

وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی، سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ محی الدین احمد وانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے پیشہ ورانہ تربیت میں تقریب کا مشاہدہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے لوگ مالیاتی کمی کا زیادہ شکار نظر آتے ہیں، آمدن اور بچت کی سطح کافی کم ہے، غریب اور پسماندگی کی صورتحال بلوچستان کے نوجوانوں کو مالی خواندگی کی مطلوبہ مہارتوں سے آگاہ کرنا لازمی بناتی ہے تاکہ وہ دور جدید کے تقاضوں کا بہتر طور مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم اینڈ پروفیشنل ٹریننگ محی الدین احمد وانی کی ملک بھر میں پیشہ ورانہ علوم کے فروغ کی تعریف کی اور اس امر کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت صوبے میں تعلیم و تربیت سمیت جدید علوم کے فروغ میں بجٹ بڑھانے سمیت ہر طرح کی معاونت یقینی بنائے گے تاکہ صوبے کی پسماندگی کو تعلیم و تربیت سے حل کیا جا سکے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں