رحیم یار خان،خواجہ فرید یونیورسٹی میں 32ویں قومی کانفرنس برائے کیمسٹری شروع ہوگئی

بدھ 2 نومبر 2022 23:38

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2022ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بیسویں بین الاقوامی اور 32ویں قومی کانفرنس برائے کیمسٹری شروع ہوگئی۔ تین روزہ کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، ترکی اور ملائیشیا سمیت متعدد ممالک کے ماہرین بنفس نفیس اور آن لائن شرکت کر رہے ہیں جبکہ ملک بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز اور نمائندگان بھی اس کانفرنس کا حصہ ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے معزز مہمانوں کو خواجہ فرید آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہاکہ ایسی کانفرنسز کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے تاکہ ریسرچ کو پروموٹ کیا جاسکے اور نوجوان ریسرچرز کی سمت کا تعین کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں آنے والے چاروں صوبوں کی جامعات کے ماہرین ایک دوسرے سے اپنی تحقیق اور تجربہ شیئر کریں گے تو اس سے تدریس و تحقیق میں وسعت آئے گی، ملکی سطح پر چیزیں تیار ہوں گی، انڈسٹری اور ایکڈیمیا کے لنکجز میں اضافہ ہوگا جس سے مارکیٹ کی طلب کو پورا کیا جاسکے گااور ملکی زرمبادلہ پر بوجھ کم ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی کمیونٹی سروسز پر یقین رکھتی ہے،یہاں ایک ایسی قوم کو تیار کیا جا رہا ہے جو ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ لے کر عملی میدان میں اترے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیگم نصرت بھٹو وویمن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر انجینئر ڈاکٹر شہزاد نسیم نے کہا کہ دنیا کی ترقی کے لئے کیمسٹری اور کیمیا دانوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، طب کا شعبہ ہو یا دیگر شعبہ جات کیمسٹری کے نامور سائنسدانوں نے اپنے حصے کا دیا ضرور جلایا۔

نوٹرا ڈیم یونیورسٹی کے پروفیسر برائن ایس جے بلیگ نے کہاکہ خواجہ فرید یونیورسٹی آکر بہت خوشی ہوئی ہے، ایک دور دراز علاقے میں کیمسٹری پر اتنی بڑی کانفرنس اور نامور ماہرین کی شرکت اس شعبے کو آگے بڑھانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

سلجوک یونیورسٹی کونیہ، ترکی کے پروفیسر ڈاکٹر حسین کارا نےاپنا تحقیقی کام پیش کیا۔ اپنے مرکزی خطاب میں انہوں نے کیمسٹری کی اہمیت اور دنیا میں ہوئی ترقی میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ یونیورسٹی ٹیکنالوجی پیٹروناس، ملائیشیا سے آئے ڈاکٹر عزمی بستم نے کہا کہ ایسی کانفرنسز دنیا کے مختلف حصوں میں پنپتے تدریس و تحقیق کے پودوں کی آبیاری کرتی ہیں۔کیمیکل سوسائٹی پاکستان کے سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر حق نواز کا کہنا تھا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی تعلیمی و تحقیقی میدان کے ساتھ خوبصورتی میں بھی اپنا نمایاں مقام بنا چکی ہے، امید ہے مستقبل میں یہ جامعہ قومی و بین الاقوامی سطح پر نام بنائے گی۔ \378

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں