ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا اجلاس

جمعہ 18 ستمبر 2020 17:59

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ارکان پارلیمنٹ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عشر و زکواة چوہدری محمد شفیق، ایم پی اے چوہدری آصف مجید، ایم پی اے عامر نواز خان ، ایم پی اے مخدوم فواذ احمد، ایم پی اے میاں محمد شفیق،ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ کے نمائندہ چوہدری فاروق وڑائچ، ایم پی اے چوہدری مسعود احمد کے نمائندہ سمیت ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی، ایکسین پبلک ہیلتھ عدنان نسیم اور محکمہ سوئی گیس، واپڈا او ردیگر تعمیراتی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلع ہذا کے تمام تعمیراتی محکموں سے منسلک افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام قومی و صوبائی حلقوں میں تعلیم، صحت، مواصلات، سیوریج اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی سکیموں پر تیز رفتار عملدرآمد و معیاری تکمیل کے لئے متعلقہ حلقہ کے ارکان اسمبلی سے مکمل کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی وصوبائی حلقوںمیں جاری میگا پراجیکٹس سمیت دیگر فلاح عامہ کے منصوبوں کی پیشرفت بارے متعلقہ ارکان پارلیمنٹ کو نہ صرف آگاہ رکھا جائے بلکہ موقع پر انہیں وزٹ بھی کرایا جائے۔انہوں نے ارکان اسمبلی کو بتایا کہ ضلع میں 28ارب روپے سے زائد کی لاگت سے مختلف شعبوں میں 947ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ زیر التوا یا سست روی کے شکار منصوبوں کی ترجیح بنیادوں پر فوکس کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں صاف پانی کی فراہمی کے لئی91واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل ہیں جس میں سے 60سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس کو بجلی کے کنکشن فراہم کر دیئے گئے ہیں اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کے انتظامی امور متعلقہ بلدیاتی اداروں کے ذمہ ہوں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ار کان صو بائی اسمبلی چوہدری آصف مجید، عامر نواز خان، میاں محمد شفیع، چوہدری محمد شفیق، مخدوم فواذ احمد اور نمائندگان نے عوام کی شدید ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات متعین کرنے اور ترقیاتی سکیموں پر بروقت عملدرآمد کے لئے متعلقہ محکموں کی کوارڈینیشن یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثما ن بزدار ضلع رحیم یار خان کی ترقی و خوشحالی میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔

ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ عوامی ریلیف کیلئے محکموں کی انتظامی و ترقیاتی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ایم پی اے عامر نواز خان نے فیروزہ فلائی اوور، پکاں لاڑاں سیوریج سکیم سمیت اپنے حلقہ میں جاری ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لانے اور پیشرفت بارے تسلسل کے ساتھ آگاہ رکھنے کی ہدایت کی جبکہ ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کو جلد فنکشنل اور شہری حلقہ میں بجلی ٹرانسفارمر کی تبدیلی اور گنجان آبادیوں میںلٹکتی تاروں کا فوری سدباب کرنے کی ضرور ت پر زور دیا۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 7ارب27کروڑ62 لاکھ کی لاگت سے روڈ سیکٹرکی81، 3ارب67کروڑ68لاکھ پبلک ہیلتھ کی19اور6ارب76کروڑ68لاکھ روپے کی لاگت سے صحت کے 4منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ انہوں نے پنجاب میونسپل سروسز پروگرام، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی لاگت اور ہونے والی پیشرفت بارے تفصیلی آگاہ کیا۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں