خواجہ سراء ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں ،۔خود سے علیحدہ نہیں سمجھا جا سکتا،ڈاکٹر خرم شہزاد

ہمارا مذہب اور پاکستان کا آئین انہیں وہ تمام حقوق فراہم کرتا ہے جو کسی بھی پاکستانی شہری کے لئے لازم ہیں،ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان

پیر 12 جولائی 2021 23:50

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ خواجہ سراء ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں انہیں خود سے علیحدہ نہیں سمجھا جا سکتا،ہمارا مذہب اور پاکستان کا آئین انہیں وہ تمام حقوق فراہم کرتا ہے جو کسی بھی پاکستانی شہری کے لئے لازم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس کے کمیٹی روم میں خواجہ سرائوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

خواجہ سرائوں کی نمائندگی قمبر کشش نے کی جبکہ اس موقع پر سماجی رہنما نوشین ہاشمی ایڈووکیٹ، فرحان عامر ایڈووکیٹ، زاہد نثار سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں موجود خواجہ سرائوں کو معاشی طور پر مستحکم اور معاشرتی مسائل سے چھٹکارہ دلانے کے لئے جامع حکمت عملی بنائی جائے جس کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک مستحکم لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترجیحی بنیادوں پر خواجہ سرائوں کو قومی شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مسائل کا خاتمہ کیا جائے گا اور نادرا حکام کے ساتھ مل کر موبائل یونٹ کے ذریعے ان کے قومی شناختی کارڈ بنائے جائیںگے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سرائوں کی تعلیم وتربیت کے حوالہ سے حکومت پنجاب نے پروگرام کا آغاز کیا ہے جس سے انہیں دینی ، دنیاوی اور فنی تعلیم کے مواقع میسر آئیںگے۔

انہوں نے خواجہ سرائوں کی جانب سے مسائل کی نشاندہی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ خواجہ سرا?ں کی مالی کفالت، ادویات سمیت دیگر بنیادی اخراجات کے لئے فوری اقدام کئے جائیں گے جبکہ رہائشی کالونی کے حوالہ سے بھی پیش رفت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سرائوں کو اپنی خوشیاں منانے کے حوالہ سے حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا جو انہیں درپیش مسائل کا فوری ازالہ کرے گا۔

انہوں نے شہریوں سے بھی کہا کہ وہ ان کے ساتھ ناروا سلوک روا نہ رکھیں بلکہ ان کی فلاح وبہبود کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خواجہ سراء اپنی تعلیم و تربیت کے حوالہ سے ہمیں آگاہ کریں انتظامیہ انہیں مواقع فراہم کرے گی جبکہ باعزت روزگار کے حوالہ سے بھی سرکاری و نجی اداروں میں ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اس موقع پر خواجہ سرائوں کی جانب سے فوکل پرسن قمبر کشش نے ڈپٹی کمشنر کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ ڈپٹی کمشنر سطح کے آفیسر نے ہمیں اپنے دفتر میں خود بلاکر مسائل معلوم کئے ہیں اور موقع پر ہی متعدد مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جسے ہم خوب سراہتے ہیں۔

اس موقع پر سماجی رہنمائوں و قانونی ماہرین نوشین ہاشمی ایڈووکیٹ، فرحان عامر ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد سمیت خواجہ سرائوں کے حقوق کے لئے اپنے مکمل تعاون اور خدمات کی پیشکش کی۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں