اصلی دیسی گھی اور خالص پنیر کے نام پر عوام کو زہر کھلانے والے مافیا کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

منگل 14 نومبر 2017 16:37

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2017ء) اصلی دیسی گھی اور خالص پنیر کے نام پر عوام کو زہر کھلانے والے مافیا کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کر لیا گیا ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ اصلی دیسی گھی اور خالص پنیر کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے والے مافیا کے خلاف بھرپور انداز میں کارروائی کا ایکشن پلان مرتب کر لیا گیاہے ۔

اس ضمن میں پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کیے جا چکے ہیں جس کے لیے دیسی گھی اور پنیر کے معیار کی جانچ پڑتال کے لیے 20نومبر سے پنجاب بھر سے دیسی گھی اور پنیر کے نمونہ جات اکٹھے کرنا شروع کر ے گی ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سیمپلنگ کی کارروائی کو شفاف بنانے کے لیے دیسی گھی اور پنیر بنانے والی تمام کمپنیز کے نمائندگان کا (آج)15نومبر کو پی ایف اے سے رابطہ کی ہدایت کی ہے تاکہ سیمپل اکٹھا کرنے کے موقع پر متعلقہ کمپنی کا نمائندہ اپنی موجودگی یقینی بنائے ۔

(جاری ہے)

دیسی گھی اور پنیر کے حاصل کردہ نمونے تجزیہ کے لیے آئی ایس او 17025اور پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل سے تصدیق شدہ دو سے تین مختلف لیبارٹریز میں بھجوائے جائیں گے تاکہ نتائج میں کسی قسم کا ابہام باقی نہ رہے ۔پی ایف اے نے خبردار کیاکہ اگر دیسی گھی و پنیر تیار کرنے والی کمپنیز کے نمائندگان پی ایف اے رابطہ نہیں کریں گے تو اتھارٹی خودمختار طریقہ سے حاصل کردہ سیمپلز لیبارٹری بھجوانے کی مجاز ہو گی اور کمپنی کو لیبارٹری تجزیہ کی حتمی رپورٹ کے خلاف اپیل کا حق حاصل نہ ہو گا ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں