ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں خواتین مردوں سے کسی طرح بھی پیچھے نہیں‘حاجی گلزار اعوان

مختلف علوم و فنون کے ذریعے خواتین با اختیار ہو کر مجموعی قومی ترقی میں نہایت فعال کردار ادا کر سکتی ہیں

اتوار 9 دسمبر 2018 12:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں خواتین مردوں سے کسی طرح بھی پیچھے نہیں ہیں ․ مختلف علوم و فنون کے ذریعے خواتین با اختیار ہو کر مجموعی قومی ترقی میں نہایت فعال کردار ادا کر سکتی ہیں ․ بیوٹیشن کا شعبہ خواتین کو بہترین روزگار اور مالی خود مختاری فراہم کرتا ہے ․ انہوں نے یہ بات ایک مقامی ہوٹل میں صالح بیوٹیشن کالج آف آرٹس کے زیر اہتمام منعقدہ فیشن شو میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ اس موقع پر ملک کی ممتاز بیوٹیشن اور ادارے کی پرنسپل سفین راجپوت ، پروفیسر افضال گورائیہ ، شہزاد احمد ، عابد بھٹی اور بیوٹیشنز کی بڑی تعداد موجود تھی ․ ماہرین نے اس موقع پر دلہنوں کی تیاری کے مقابلوں میں بھی حصہ لیا ․ حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ جدید دور میں کوئی بھی ملک خواتین کے فعال کردار کے بغیر تعمیر و ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا ․ ہمارے ملک میں خواتین ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں مردوں کے برابر بلکہ بعض حوالوں سے آگے ہیں ․ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے حکومتی سرپرستی میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں․ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے موقع پر خواتین بالخصوص مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں․ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں ان کی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے جائیں ․ اس حوالے سے حکومت کو چائییے کہ وہ ترقی نسواں کیلئے خصوصی اقدامات کرے اور خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں ہنر سکھانے کے موجودہ اداروں کو زیادہ فعال بنانے پر توجہ دے ․ انہوں نے بیوٹیشنز کی مہارت کی تعریف کی اور صالح بیوٹیشن کالج آف آرٹس کو مبارکباد دی جو خواتین کو جدید دور کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر سکھا کر انہیں با اختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے -

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں