رائے دہندگان کو 31دسمبر تک ووٹ کے انتقال کی ہدایت

اتوار 9 دسمبر 2018 19:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رائے دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک شناختی کارڈ پر درج پتہ کے مطابق ووٹ کے انتقال کے اندراج کو یقینی بنائیں ۔ضلعی الیکشن کمشنر راولپنڈی Iملک محمد سلیم اختر نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے مطابق اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کروایا جاسکتا ہے۔

ایسے تمام رائے دہندگان جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ کے مطابق درج ہیں انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ایکٹ کی روشنی میں 31 دسمبر 2018 تک اپنے ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق منتقل کروالیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں ضلعی الیکشن کمشنر نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ یا رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

درخواست گزار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروائیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی ملک محمد سلیم اختر نے اتوار کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ملازم اور اہل خانہ (خاوند /بیوی اور بچی) اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ ایسے پتہ پربھی کرواسکتے ہیں جہاں پر ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی گئی ہو۔

واضح رہے کہ الیکشن رولز 2017 کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار بذاتِ خود جمع کروائے گا، بصورت دیگر فارم اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد، والدہ، خاوند /بیوی، بیٹی/دختر بھی جمع کروایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں جبکہ تمام اضلاع میں قائم مراکز معلومات و شکایات کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ سے بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں