ٹریفک و ضلعی پولیس کا ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاون

اتوار 19 مئی 2019 16:35

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) ٹریفک و ضلعی پولیس کے خصوصی سکواڈ نے سحری کے اوقات میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران 33مقدمات درج کر کے ملزمان کو گرفتار کیا اور موٹرسائیکلز متعلقہ تھانوں میں بند کئے گئے۔اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف نے بتایا ہے کہ ون ویلرز کے خلاف سیکشن 99/A اور سیکشن 279 کے تحت یکم رمضان المبارک سے اب تک کل33ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے 33 ون ویلرزکو گرفتار کر لیاہے تھانہ نیوٹائون، تھانہ وارث خان اور پولیس سٹیشن آر اے بازار میں ایف آئی آر درج کروائی گئی ہیں جبکہ ون ویلنگ کی غرض سے تیار کئے گئے موٹر سائیکلوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 01ہزار17موٹر سائیکلیں بھی ضلع راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں بند کر دیں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ون ویلنگ کے خلاف مزید سخت قانونی کاروائیاں جاری ہیں والدین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنے بچوں کو سحری کے بعد گھر سے موٹر سائیکل لے کر نہ نکلنے دیں ورنہ ون ویلنگ کے مرتکب بچوں کے والدین کو اپنے بچوں سے جیل میں آ کر ملنا پڑے گا۔انہوں نے بتایا ہے کہ سحری کے بعد مری روڈ ، فلائی اوورز، پشاور روڈ ، مال روڈ ، ایئر پورٹ روڈ اور دیگر شاہراہوں پر ون ویلنگ کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کے لئے ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کا مشترکہ خصوصی سکواڈ مختلف مقامات پر تعینات ہے جو ون ویلنگ کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لا رہا ہے انہوں نے بتایاکہ ون ویلنگ قانوناًً جرم ہے اور قیمتی زندگی کے ساتھ خطرناک کھیل بھی اس حوالے سے ٹریفک پولیس کی جانب سے ون ویلنگ کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائیاں جاری ہیں انہوںنے کہا کہ والدین بھی اپنا فرض ادا کریں اور حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے بچوں کو ون ویلنگ جیسے خطرناک فعل سے خود بھی منع کریں اور سمجھائیں تا کہ ان کی قیمتی جانوں کو لاپرواہی کی وجہ سے روڈ حادثات کا شکار ہونے سے بچا یا جا سکے جو عمر بھر کی معذوری اور موت کا سبب ہیں انہوںنے کہا کہ بصورت دیگر قانونی کاروائی کا عمل جاری ہے جو والدین کے لیئے بھی باعثِ پریشانی وتکلیف دہ ہو گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں